• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

این اے 108 ضمنی انتخاب: ن لیگ کامیاب

شائع June 8, 2015
منڈی بہاء الدین کی اس نشست پراصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے ممتاز احمد تارڑ اور تحریک انصاف کے محمد طارق تارڑ کے درمیان ہے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
منڈی بہاء الدین کی اس نشست پراصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے ممتاز احمد تارڑ اور تحریک انصاف کے محمد طارق تارڑ کے درمیان ہے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

منڈی بہاءالدین: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 108 میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نواز کے امیدوار ممتاز تارڑ 77 ہزار884 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار طارق تارڑ 40 ہزار570ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے۔

منڈی بہاء الدین کے حلقے این اے 108 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، تاہم ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم دیکھنے میں آیا۔

انتخابی عمل شروع ہونے کے بعد سرسید ہائی اسکول کے پولنگ اسٹیشن نمبر 138 کے باہر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، جس کے بعد پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا۔

دوسری جانب پولنگ اسٹیشن نمبر 80 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، جنھیں منڈی بہاء الدین کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ( ڈی ایچ کیو) منتقل کردیا گیا۔

صورتحال کی کشیدگی کے باعث متاثرہ پولنگ اسٹیشن پر صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا۔

جبکہ پولنگ اسٹیشن 29 کے باہر بھی مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم کی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے بعد رینجرز نے پی ٹی آئی کے 5 کارکنوں کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔

پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے 289 پولنگ اسٹیشنز میں سے 62 کو انتہائی حساس اور 112 کو حساس قرار دیا گیا۔

منڈی بہاؤالدین کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے اعجاز احمد چوہدری کی جعلی ڈگری اور انسانی اسمگلنگ کیس میں نااہلی پر خالی ہوئی تھی۔

آج ہونے والے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے ممتاز احمد تارڑ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے محمدطارق تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے آصف بشیر بھاگٹ، جماعت اسلامی کے ریاض فاروق ساہی، مسلم لیگ (ق) کے حمزہ ناصر اقبال اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے چوہدری محمد اعظم گجر سمیت 10 امیدوار مدمقابل تھے۔

تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ممتاز احمد تارڑ اور پاکستان تحریک انصاف کے محمدطارق تارڑ کے درمیان تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024