'میرے قد نے میری شادی ناممکن بنادی'
8 فٹ اور ایک انچ کا قد ہو تو اپنے لیے موزوں بیوی کی تلاش کتنی مشکل ثابت ہوسکتی ہے اس کا ثبوت ہیں ہندوستان کے سب سے لمبے نوجوان دھرمیندر سنگھ جن کا کہنا ہے کہ انہیں اتنی لمبی لڑکی ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا ہے جو ان کے ساتھ جچ سکے اور ایسا لگتا ہے کہ میری شادی ناممکن ہوگی۔
جی ہاں واقعی ہندوستان کے سب سے لمبے شخص کو پیار کی تلاش میں اپنے قد کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔
آٹھ فٹ ایک انچ قامت کے دھرمیندر سنگھ عالمی ریکارڈ سے 2 انچ پیچھے ہیں مگر اپنے اسی قد کی وجہ سے میرٹھ کے 32 سالہ یہ رہائشی اپنے لیے شریک حیات تلاش کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک شادی کی بات ہے میرے لیے سب سے بڑا مسئلہ میرا قد ہے کیونکہ کسی ایسی لڑکی کو تلاش کرنا تو مجھے ناممکن لگتا ہے جو اتنی لمبی ہو کہ ہماری جوڑی اچھی لگے۔
دھرمیندر کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ اب تک گرل فرینڈ سے محروم ہیں، خواین مجھ میں بہت دلچسپی لیتی ہیں، مجھ ے باتین کرتی ہیں اور کافی ہنسی مذاق بھی کرتی ہیں مگر مجھے اب تک کوئی ایسی لڑکی نہیں ملی جس سے میں رومانوی تعلق قائم کرسکوں۔
مگر شادی یا پیار ہی دھرمیندر کی زندگی کا واحد مسئلہ نہیں درحقیقت ان کے قد نے تو ان کے لیے ملازمت یا روزگار کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔
ان کے بقول جب میں بھی انٹرویوز کے لیے جاتا ہوں تو لوگ پوچھتے ہیں کہ میں اتنا لمبا ہوکر کیا کام کرسکتا ہوں؟
اب یہی وجہ ہے کہ وہ ایک مقامی امیوزمنٹ پارک میں لوگوں کے ساتھ تصاویر کھچوانے کا کام کررہے ہیں جس کے لیے وہ ہر تصویر کے عوض 10 روپے لیتے ہیں جبکہ پارک کی انتظامیہ ماہانہ 10 ہزار روپے ادا کرتی ہے۔
دھرمیندر سنگھ— فوٹو بشکریہ ڈیلی ٹیلیگراف |
دھرمیندر کے خاندان کے اکثر افراد عام قدوقامت کے ہین تاہم ان کے نانا کا قد 7 فٹ 3 انچ تھا اس لیے اندازہ ہے کہ ان کی طویل قامت جنیاتی اثرات کا نتیجہ ہے۔
دھرمیندر نے ہندی زبان میں ماسٹر ڈگری حاصل کررکھی ہے اور انہیں اپنے قد کی وجہ سے بچپن سے ہی لوگوں کے مذاق کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وہ بتاتے ہیں کہ مجھے اپنے قد کی وجہ سے روزمرہ کے کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اور چھوٹی اشیاءکے لیے مجھے کسی فرد کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مجھے چلنے پھرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔