اداکارائیں جنہوں نے آواز اٹھائی
بولی وڈ کی متعدد اداکارائیں اب غلط چیزوں کے خلاف آواز اٹھاتی ہیں اور کوئی ایسا کام جو انہیں پسند نہ آرہا ہو یا جس سے سوسائٹی میں کسی قسم کی برائی پیدا ہو اس سے خود کو روکتی بھی ہیں۔
حال ہی میں بولی وڈ کی اداکارہ کنگنا راناوٹ نے گوری رنگت کی کریم کے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیا جس پر انہیں 2 کروڑ روپے کی آفر دی جارہی تھی۔ اور اس آفر کو منع کرکے کنگنا کو کسی قسم کا پچھتاوا نہیں ہے۔
اس بات پر کنگنا کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بچپن سے ہی گوری رنگت کی ضمانت دینے والی کریموں کی سمجھ نہیں آئی، اور ایک اداکارہ ہونے کی وجہ سے میں ایسی کسی چیز کو پروموٹ نہیں کروں گی جو صحیح نہ ہو۔ اور مجھے اس آفر کو مسترد کرنے پر کسی قسم کا پچھتاوا نہیں ہے۔
بولی وڈ کی کئی اور اداکارائیں بھی ہیں جو تبدیلی لانے اور غلط رجحانات کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔
دیپیکا پڈوکون
دیپیکا بولی وڈ کی کامیاب اداکاراوں میں سے ایک ہیں۔ ایک کے بعد ایک ہٹ فلمز دینے والی یہ اداکارہ حال ہی میں دماغی صحت کے حوالے سے بات کرتی نظر آئیں تھی۔ دیپیکا نے چند ماہ قبل مائی چوائس نامی ویڈیو میں کام کیا تھا جس میں وہ خواتین کو با اختیار بنانے کی حوالے سے بات کرتی نظر آئیں تھی۔
دیپیکا نے نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بات کی بلکہ اپنی ڈپریشن کے ساتھ جدوجہد کے حوالے سے بھی بتایا۔
دیپیکا اب بہت سی لڑکیوں کی رول ماڈل بن چکی ہیں۔
ودیا بالن
اداکارہ ودیا بالن کو بولی وڈ میں ان کے جسمانی وزن کی وجہ سے کئی مرتبہ مشکلات کا سامنا ہوا تاہم ذاتی طور پر ودیا بالن کو اپنے وزن سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
بچپن سے ہی جسمانی طور پر بھاری ودیا بالن نے نوجوانی میں فیصلہ کیا کہ وہ اپنے وزن کو کم کرنے کی کوشش کریں گی، تاہم وزن کم کرنے کے ناخوشگوار تجربے کے بعد انہوں نےفیصلہ کیا کہ وہ جیسی ہیں ویسی ہی رہیں گی۔
ودیا بالن کے مطابق ایک موٹی لڑکی کو ہمیشہ یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس کے وزن کی وجہ سے اسے کوئی لڑکا پسند نہیں کرے گا لیکن محبت یہ سب نہیں دیکھتی اور آخر میں آپ جیسے ہوتے ہیں آپ کو ویسے ہی رہنا پڑتا ہے۔
کالکی کوچلین
'مارگریٹا ود آ سٹرو' جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والی کالکی کوچلین اس موضوع پر آواز بلند کرتی ہیں جس پر بات کرنا معاشرے میں ممنوع تصور کیا جاتا ہے۔
کالکی حال ہی میں ایک طنزیہ ویڈیو میں بھی نظر آئیں جس میں وہ ریپ کے شکار ہونے والوں کو ذمہ دار ٹھہرانے پر مذمت کرتی نظر آئیں۔
کالکی نے اپنے بچپن کا ایک واقعہ بھی بتایا جب وہ صرف 9 سال کی تھیں اور انہیں جنسی اتحصال کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کو ڈر اور شرم کی وجہ سے کبھی چھپانا نہیں چاہیئے۔
نندیتا داس
'ڈارک از بیوٹی فل' نامی مہم کا حصہ اداکارہ اور ہدایت کار نندیتا داس کئی بار جسمانی رنگت کے حوالے سے بات کرتی نظر آئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جسمانی رنگ کسی شخص کی شخصیت کی وضاحت نہیں کرتا۔ اس مہم نے کافی لوگوں کی توجہ اپنی طرف کی تھی اور لوگوں کا بھی یہ خیال تھا کہ رنگت انسان کو کسی قسم کی کامیابی نہیں دلاتی۔
نندیتا کا کہنا ہے کہ انہیں حیرت ہوتی ہے جب وہ گوری رنگت کی کریمز کی بڑھتی تعداد پر غور کرتی ہیں۔ ان کے مطابق نسل پرستی ختم ہونی چاہیئے اور سوسائٹی میں کامیابی رنگت سے نہیں بلکہ کام سے ملنی چاہیئے۔
اب ہم امید کرتے ہیں کہ مزید اداکارائیں بھی اس طرح اپنی آواز بلند کریں گی خاص طور پر پاکستان میں۔