• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان مالدیپ کا مخلص دوست، عبداللہ یامین

مالدیپ کے صدرعبداللہ یامین  عبد القیوم کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا —۔ڈان نیوز اسکرین گریب
مالدیپ کے صدرعبداللہ یامین عبد القیوم کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا —۔ڈان نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: مالدیب کے صدرعبداللہ یامین عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات 49 سالوں پر محیط ہیں جو ہمیشہ سے مالدیپ کا مخلص دوست ثابت ہوا ہے۔

صدرعبداللہ یامین نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

مالدیپ کے صدر کا کہنا تھا کہ مالدیپ پارلیمنٹ کی عمارت " دی پیپلز مجلس" دونوں ممالک کے مابین دوستی کی زندہ مثال ہے، واضح رہے کہ مالدیپ پارلیمنٹ کی عمارت پاکستان نے بطور تحفہ تعمیر کی تھی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مالدیپ کو خود مختاربرابری کے اصولوں پرعلاقائی تعاون کے ایک ماڈل، سارک کے پلیٹ فارم پر اپنی پوزیشن کومربوط کرنے کے لیے کوششوں کو جاری رکھنا چاہیے۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مالدیب کے صدرنے پر تپاک خیرمقدم پر وزیراعظم نواز شریف اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کے ساتھ عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دیا جائے۔

انھوں نے دورہ پاکستان کے ذریعے باہمی رابطوں کی نئی راہیں ہموار کرنے کی امید کا بھی اظہارکیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نے بتایا کہ مہمان صدر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تمام شعبوں پر بات ہوئی اور دونوں ممالک کھیل، صحت اور انسداد منشیات میں تعاون بڑھائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے اور دونوں ممالک عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دیں گے۔

پاکستان اور مالدیپ کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کھیل، صحت، تعلیم اور نارکوٹکس کے حوالے سے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

صدر عبداللہ یامین جب وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم دو روزہ دورے پر گزشتہ روز یعنی بدھ کو پاکستان پہنچے، پاکستان آمد پر ان کا وزیراعظم نواز شریف اور کابینہ کے دیگر وزراء نے پرتپاک استقبال کیا۔

مزید پڑھیں:مالدیپ کے صدر کی دو روزہ دورے پر پاکستان آمد

مالدیپ کےصدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے گزشتہ روز صدر مملکت ممنون حسین سے بھی ملاقات کی، اس موقع پردونوں رہنماؤں نے سارک کو علاقائی تعاون کی ماڈل تنظیم بنانے میں فعال کردار ادا کرنے پراتفاق کیا۔

واضح رہے کہ صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم یا کسی بھی مالدیپ کے سربراہ کا 11 سال میں پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، اس سے قبل مالدیپ کے صدر مامون عبدالقیوم نے 2004 کی سارک کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024