ہر ایک اور ہر چیز کا کوئی نہ کوئی نام ہوتا ہے، جیسے ہمارے والدین ہمیں نام کی شکل میں ایک جداگانہ شناخت دیتے ہیں مگر کبھی یہ سوچ کر حیرت ہوتی ہے کہ عام جانداروں کو کیسے کوئی نام دیا جاتا ہے؟
اور آخر کیوں کسی چیز کو کسی خاص نام سے پکارا جاتا ہے ؟ ہر زبان میں ہی کسی چیز کو پکارنے کے لیے متعدد الفاظ موجود ہوتے ہیں۔
کیا جاننا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ دنیا کی معروف شخصیات کے نام پر جانوروں اور پودوں کی اقسام کا نام رکھا گیا ہے ؟ درحقیقت کسی معروف شخص پر کسی چیز کا نام رکھنا اس کی طرف لوگوں کی توجہ بڑھاتا ہے۔
جیسے کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایک مکڑی کا نام ہولی وڈ اسٹار ہیریسن فورڈ پر رکھا گیا یا ایک ایسا قانون ہے جیسے ٹام کروز لاءکہا جاتا ہے ؟ تو ایسے ہی معروف افراد کے بارے میں جانے جن کے نام سے کچھ جانور یا پودے وغیرہ منسوب کردیئے گئے۔
مائیکل جیکسن : میسروپاراپیلوچلیس مائیکل جیکسنی (زمانہ قدیم کا ایک کیکڑا)
فائل فوٹو |
مائیکل جیکسن کے نام پر زمانہ قدیم کے ایک ہرمٹ کیکڑے کا نام میسروپاراپیلوچلیس مائیکل جیکسنی رکھا گیا۔
یہ جاندار اگرچہ اب دنیا میں نہیں پایا جاتا مگر زمانہ قدیم میں یہ اسپین کے علاقے میں ملتا تھا اور مانا جاتا ہے کہ یہ کیکڑا مائیکل جیکسن کے مشہور زمانہ اسٹیب مون واک کی طرح پیچھے کی جانب چلتا تھا تاہم اس وجہ سے اس کا یہ نام نہیں رکھا گیا۔
درحقیقت محققین نے اس جاندار کو اس روز دریافت کیا جس دن مائیکل جیکسن اس دنیا سے چل بسے یعنی پچیس جون 2009 اور ماہرین نے اس طریقے سے اس مشہور زمانہ گلوکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جانی ڈیپ : کوٹینینچیلا ڈیپی (قدیم زمانے کے لابسٹر کا فوسل)
فائل فوٹو |
ایک اور معروف فنکار جس کے نام پر زمانہ قدیم کے ایک جاندار کا نام رکھا گیا وہ جانی ڈیپ ہیں۔
جانی ڈیپ کے نام سے پانچ سو ملین سال پرانے ایک فوسل کو منسوب کیا گیا کیونکہ اس جاندار کے پنجے جانی ڈیپ کے ایک فلمی کردار ایڈورڈ سیزرہینڈز کی یاد دلاتے تھے۔
کوٹینینچیلا ڈیپی آج کی نسل کے لابسٹرز اور بچھوﺅں کا جد امد مانا جاتا ہے۔
اینجلینا جولی : اپٹوسٹیچوس اینجلینا جولی (ٹریپ ڈور اسپائیڈر)
فائل فوٹو |
ہولی وڈ کی معروف اداکارہ انجیلنا جولی کے نام سے ایک ٹریپ ڈور اسپائیڈر یا مکڑی کو منسوب کیا گیا۔
ان کو یہ اعزاز اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن فار ریفیوجیز کے لیے خدمات سرانجام دینے پر دیا گیا اور اس مکڑی کا نام اپٹوسٹیچوس اینجلینا جولی رکھ دیا گیا۔
یہ مکڑی شمالی کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں پائی جاتی ہے اور کافی زہریلی مانی جاتی ہے۔
ہیریسین فورڈ : فیڈولی ہیریسین فورڈی (چیونٹی) اور کلپونیا ہیریسین فورڈی (مکڑی)
فائل فوٹو |
ہیریسین فورڈ بلاشبہ واحد اداکار ہیں جن کے نام سے ایک چیونٹی اور مکڑی کو منسوب کیا گیا ہے جو درحقیقت ماحولیاتی تحفظ کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
سب سے پہلے 1993 میں کیلیفورنیا میں دریافت ہونے والی مکڑی کی ایک نسل کا نام کلپونیا ہیریسین فورڈی رکھا گیا۔ اسی طرح جب ہاورڈ یونیوسٹی کے ماہرین نے چیونٹی کی ایک قسم کو دریافت کیا تو اس کا نام بھی فیڈولی ہیریسین فورڈی رکھ دیا گیا۔
باراک اوبامہ : کالوپلاکا اوبامی (کائی)
فائل فوٹو |
امریکی صدر باراک اوباما ہوسکتا ہے کہ بیشتر حلقوں میں بہت زیادہ مقبول نہ ہو مگر پھر بھی شہد رنگ کی کائی کو ان کے نام سے منسوب کیا جاچکا ہے۔
کیلیفورنیا میں دریافت ہونے والی یہ کائی ہربریم کے دریائی کنارے میں پائی جاتی ہے اور محققین کے مطابق اس کا نام باراک اوباما پر رکھنے کا مقصد صدر کی جانب سے سائنس اور سائنسی تعلیم کے لیے تعاون کرنے کے اقدامات کو سراہنا ہے۔
ٹام کروز لاء
اے ایف پی فوٹو |
کیلیفورنیا میں 2006 میں ٹام کروز لاءنامی قانون کی منظوری دی گئی جس کے تحت الٹرا ساﺅنڈ کرنے والی مشینوں کی فروخت پر پابندی لگادی گئی تاہم لائسنس کلینکس کو اس سے استثنیٰ دیا گیا۔
اس قانون کی وجہ ٹام کروز کی جانب سے ایک الٹرا ساﺅنڈ مشین کی خریداری تھی جس پر کیلیفورنیا اسمبلی زیادہ خوش نہیں تھی۔
لیڈی گاگا : گاگا (سدا بہار پودا)
فائل فوٹو |
لیڈی گاگا ایک ایسی شخصیت ہے جو ہر ایک کو حیران کرکے خوشی محسوس کرتی ہے مگر ایک دن انہیں ہی سرپرائز مل گیا جب سدا بہار پودوں کی ایک قسم کا نام ان کے نام پر رکھ دیا گیا۔
سائنسدانوں نے 2012 میں سدابہار پودے کی ایک قسم کا نام گاگا رکھ دیا گیا جو کہ درحقیقت اس کے ڈی این اے کے نام کا مخفف ہے یعنی گیوانینی، اڈینینی، گیوانینی، اڈینینی اور ان الفاظ کے اولین حروف کو جوڑا گیا تو گاگا بن گیا۔
ملالہ یوسفزئی : 316201 ملالہ (سیارچہ)
فائل فوٹو |
اسا کے خلا باز ڈاکٹر ایمی مینزر نے 316201 نامی سیارچے کو ملالہ کے نام سے منسوب کیا۔ڈاکٹر مینزر کے مطابق یہ سیارچہ مریخ اور مشتری کے درمیان موجود ہے، یہ ہر 5.5 سال میں سورج کے گرد چکر مکمل کرتا ہے ۔
بہت ہی کم سیارچوں کا نام کسی خاتون کے نام پر رکھا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر مینزر کے مطابق وہ اس سیارچہ کا نام ملالہ پر رکھ کر بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔
ہوگورٹس اسکول : ڈراکوریکس ہوگورسیا (ڈائنا سور)
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا |
جے کے رولنگ کے ناولوں کی سیریز ہیری پوٹر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی کتابوں کے پرستار تین ڈائناسور تلاش کرنے والے ماہرین نے اس زمانہ قدیم کے جانور کی ایک نئی قسم کے فوسل دریافت کرنے کے بعد اس کا نام ڈراکوریکس ہوگورسیا رکھا دیا جو کہ ہوگورٹس اسکول کے اوپر رکھا گیا۔