پاکستانی پرچم لہرانے میں کوئی حرج نہیں، مسرت عالم
نئی دہلی: حریت رہنما مسرت عالم نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے میں کوئی حرج نہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر پرچم نہیں لہرایا تھا تاہم ریلی میں موجود لوگوں نے ایسا کیا اور وہ نہیں سمجھتے کہ ایسا کرنا غلط ہے۔
حریت رہنما کو گزشتہ ماہ رہا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم کشمیر میں لہرانا کوئی نئی بات نہیں، ایسا 1947 سے ہوتا آرہا ہے۔
تصاویر دیکھیں: کشمیر میں سبز ہلالی پرچم
مسرت اس ریلی کی گزشتہ روز سربراہی کررہے تھے جس کے دوران متعدد افراد پاکستانی پرچم لہرا رہے تھے جبکہ انہیں پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
بعدازاں ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا جبکہ ہندوستان بھر میں اس پیشرفت پر شدید تنقید کی جارہی ہے جبکہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ریاستی حکومت پر مسرت کےخلاف کارروائی کے سلسلے میں دباؤ بڑھا رہی ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما سید علی گیلانی نے ہندوستان کی جانب سے کشمیری ریاست پر قبضے کو غیر قانونی قرار دیا۔
مزید پڑھیں: جموں کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں، گیلانی
انہوں نے کہا کہ ’’ ہم پہلے دن سے اس قبضے کی مخالفت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے کیوں کہ ہم مذہبی اور نظریاتی طور سے پاکستان سے منسلک ہیں ‘‘۔
سینیئر رہنما نے اس تنازع کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سرحدی مسئلہ کے بجائے سہہ فریقی مسئلہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’جب تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے، ہم اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘‘
تبصرے (1) بند ہیں