افغانستان میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر خاتون ہلاک
کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مبینہ طور پر قرآن مجید کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے جرم میں تشدد کے باعث ہلاک ہونے والی خاتون کی لاش کو مشتعل ہجوم نے آگ لگا دی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے کابل پولیس کے جنرل فرید افضالی کے حوالے سے بتایا کہ دوشمشیرہ کے علاقے میں مذکورہ خاتون نے قرآن پاک کے نسخے کو مبینہ طور پر جلایا، جس کے بعد مشتعل ہجوم نے خاتون پر تشدد کیا، جس سے وہ ہلاک ہوگئیں۔
بعد ازاں ان کی لاش کو دریائے کابل کے قریب پھینک کر اسے آگ لگا دی گئی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس انتہائی ناخوشگوار واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ 2012 میں افغانستان میں امریکی بگرام جیل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد پورے ملک میں پانچ روزہ پر تشدد واقعات کے باعث 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔