ڈی آئی خان: پی ٹی آئی صوبائی وزیر کے گھر پر حملہ
ڈیرہ اسماعیل خان: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی وزیرِ مال علی امین خان گنڈا پور کے گھر پرنامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان میں کینٹ تھانہ کے قریب پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر علی امین خان گنڈا پور کے گھر پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا، تاہم اس سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
علی امین خان گنڈا پور کا گھر تھانہ کینٹ، ہائی کورٹ، سیشن کورٹ اور ڈی پی او آفس کے قریب ترین ہونے کے باعث علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔
جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تفتیش کا آغاز کردیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2013 میں بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں سابق وزیر اعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور اپنے گھر کے باہر ایک خود کش کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
اس حملے کے کچھ ہی دیر بعد ظفر آباد کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں امن امان کی مخدوش صورتحال سے عوام میں خوف وہراس کی فضا قائم ہے ۔