• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایکسپو پاکستان 2015: 1.3 ارب ڈالرز کے سودوں پر دستخط

شائع March 3, 2015
ایکسپو پاکستان 2015ء کے ایک اسٹال پر غیرملکی وزیٹرز پاکستانی مصنوعات کا معائنہ کررہے ہیں۔ —. فوٹو آن لائن
ایکسپو پاکستان 2015ء کے ایک اسٹال پر غیرملکی وزیٹرز پاکستانی مصنوعات کا معائنہ کررہے ہیں۔ —. فوٹو آن لائن

کراچی: وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ایکسپو پاکستان 2015ء کے موقع پر 1.3 ارب ڈالر مالیت کے کاروباری سودوں پر دستخط کیے گئے، جس نے اس نمائش کو بھرپور کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں خرم دستگیر خان کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 77 ملکوں کے 12سو نمائندوں نے اس نمائش کا وزٹ کیا، اور 571 کمپنیوں کی جانب سے پیش کی گئی پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی دکھائی۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایکسپو پاکستان 2015ء کی خاص بات یہ تھی کہ وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کی جانب سے کاروبار کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی کہ وہ اس نمائش میں شرکت کریں اور اپنی مصنوعات پیش کریں۔

مزید یہ کہ ایک پالیسی اقدام کے طور پر وزارتِ تجارت نے ملک کے کم ترقی یافتہ حصوں سے تعلق رکھنے والے کاروبار کو فروغ دیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے کہا کہ بہت سے غیرملکی خریداروں نے کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے برآمدکنندگان سے رابطہ کیا اور نئے آرڈرز پر بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی خریداروں کی بڑی تعداد نے فیکٹریز اور پیداواری سہولتوں کا بھی دورہ کیا۔

ٹڈاپ کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق نمائش کا دورہ کرنے والی جاپانی کمپنیوں نے دواسازی، خوراک کی نامیاتی اشیاء، کھیلوں کا سامان اور شب خوابی کے لباس میں دو کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔

دبئی میں قائم دو کمپنیوں نے ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز اور ایک کروڑ ڈالرز سالانہ مالیت کے درآمدی سودوں کو حتمی صورت دی۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت کو سپلائی کرنے والے دبئی کے ادارے نے یونیفارم اور دفتری اشیاء کی خریداری کے لیے دس لاکھ ڈالرز کی ابتدائی درآمدات کا معاہدہ کیا، جسے مستقبل قریب میں ایک کروڑ ڈالرز تک پہنچادیا جائے گا۔

اسی طرح سعودی عرب کی ایک کمپنی نے مقامی کمپنی کے ساتھ خیموں اور کینوس کی فراہمی کے لیے ساٹھ لاکھ ڈالرز کے معاہدے پر دستخط کیے۔ جبکہ ایک بنگلہ دیشی کمپنی نے سیالکوٹ میں قائم ایک کمپنی کے ساتھ بیس لاکھ ڈالرز مالیت کے کھیلوں کے سامان کی درآمد کا معاہدہ کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ جواہرات اور زیورات کے شعبے کو بھی دو کروڑ مالیت کے آرڈرز موصول ہوئے۔

ایک بنگلہ دیشی درآمدکنندہ نے مقامی ایکسپورٹر کے ساتھ پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی کے لیے 33 لاکھ ساٹھ ہزار مالیت کا معاہدہ کیا۔

ٹڈاپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جس شعبے میں زیادہ دلچسپی دیکھی گئی، اس میں تعمیراتی سامان، سروسز، انجینئرنگ، پھل و سبزیاں، آلاتِ جراحی، گارمنٹس اینڈ ٹیکسٹائل اور جواہرات اور زیورات کے شعبے شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024