• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

پشاور: چیک پوسٹ کی چھت گرنے سے 4 ایف سی اہلکار ہلاک

شائع March 2, 2015
پشاور کے نواحی علا قے میں قائم ایف سی کی چیک پوسٹ کی چھت گرنے سے چار اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے — فائل فوٹو
پشاور کے نواحی علا قے میں قائم ایف سی کی چیک پوسٹ کی چھت گرنے سے چار اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے — فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاورکی فرنٹیئرروڈ پر قائم فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) چیک پوسٹ کی چھت گرنے سے چار اہلکار ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ایف سی چیک پوسٹ پشاور کے نواحی علاقے میں متنی تھانے کی حدود جانی فوڈ کے علاقے میں قائم تھی۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق چیک پوسٹ کی چھت کچی تھی جو بارش کے باعث منہدم ہوگئی اور اس کے نیچے دب کر ایف سی کے چار اہلکار سپاہی تہذیب علی، سپاہی عابد علی، سپاہی مواد علی اور سپاہی امجد علی ہلاک ہوگئے۔

واقعے میں ایف سی کے تین اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں حوالدار شاکرعلی، سپاہی راجمان علی اور سپاہی گلفام علی شامل ہیں، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ڈی ایس پی صدر سرکل عابدالرحمان کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کا تعلق فرنٹیئر کانسٹیبلری کی اورک زئی پلاٹون سے تھا۔

ان کا کہنا تھا چیک پوسٹ ایک نجی مکان میں قائم کی گئی تھی اور اس میں موجود تینوں کمروں کی چھتیں کچی تھی۔

انھوں نے کہا کہ شدید بارش کے باعث مکان میں موجود ایک کمرے کی چھت گرنے سے دیگر دونوں کمروں کی چھتیں بھی منہدم ہوگئی اور ایف سی اہلکار ملبے میں دب گئے جن کو امدادی اداروں نے نکال کرہسپتال منتقل کیا۔

خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکاروں کے بلند درجات کیلئے دعا کی گئی ہے۔

گورنر نے ایف سی کمانڈینٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکاروں کے لواحیقین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024