• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی: بم دھماکے سے گرلز اسکول متاثر

شائع March 2, 2015
ایک پولیس اہلکار کراچی میں ایک اسکول کے باہر مستعد کھڑا ہے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
ایک پولیس اہلکار کراچی میں ایک اسکول کے باہر مستعد کھڑا ہے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

کراچی : صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک سرکاری گرلز اسکول کی باؤنڈری وال کے قریب نصب بم پھٹنے سے اسکول کی دیوار متاثر ہوگئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے مرتضیٰ چونگی کے قریب گل محمد کلماٹی گوٹھ میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول فار گرلز کی باؤنڈری وال کے قریب نصب آدھا کلو گرام وزنی بم اتوار کو ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

ایس پی اختر فاروق کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی باؤنڈری وال متاثر ہوئی جبکہ اسکول کے قریب کھڑی دوگاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ایس پی نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے حوالے سے بتایا کہ نصب کیا گیا بم ٹائم ڈیوائس یا ریموٹ کنٹرولڈ نہیں تھا، بلکہ اس میں ایک سیفٹی فیوز موجود تھا جو نصب کیے جانے کے 40 سے 45 سیکنڈز کے اندر خود بخود پھٹ جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ وار تعطیل ہونے کے باعث اسکول بند تھا۔ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

ایس پی اختر فاروق کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد محض خوف و ہراس پھیلانا تھا۔

یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر کالعم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی بدترین دہشت گردی کے نتیجے میں 133 سے زائد بچوں سمیت 150 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حملے کے بعد دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جہاں اور بہت سے اقدامات کیے گئے، وہیں ان میں سے ایک ملک بھر کے اسکولوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا بھی ہے اور اس حوالے سے اسکول انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اسکولوں کی باؤنڈری والز پر خاردار تاروں سمیت سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو بھی یقینی بنائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024