'بیویوں سے محبت ہے تو ہندو ہوجاؤ'
انتہاپسند تنظیم ہندو مہا سبھا نے بولی وڈ پر راج کرنے والے خانز پر اپنا مذہب تبدیل کرنے کے لیے زور دیا ہے۔
اس تنظیم نے اپنے ہفت روزہ جریدے میں شاہ رخ خان، عامر خان اور سیف علی خان کو کہا ہے کہ اگر وہ "واقعی اپنی بیویوں سے محبت کرتے ہیں" تو ہندو مذہب کا حصہ بن جائیں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ نے گوری خان، عامر نے کرن راﺅ اور سیف علی خان نے کرینہ کپور سے شادی کی ہوئی ہے۔
ان تینوں اداکاروں کے ساتھ ہندو تنظیم نے فردین خان اور عمران ہاشمی کو بھی ہندو لڑکیوں سے شادی پر ہدف بنایا ہے۔
اس جریدے کے ایڈیٹر منا کمار سنگھ کے بقول یہ ہمارا بولی وڈ خانز کے لیے چیلنج ہے کہ اگر وہ حقیقی معنوں میں اپنی بیویوں سے محبت کرتے ہیں تو انہیں ہندو مت قبول کرکے ان کی ثقافت کو اپنا لینا چاہئے۔
انہوں نے شرمیلا ٹیگور، کرینہ کپور، گوری، کرن راﺅ، رینا دت اور دیگر کو " لو جہاد" کا ہدف قرار دیا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے وشوا ہندو پریشد نامی تنظیم نے کرینہ کپور کی تصویر کو برقعہ پہنا کر ہندو خواتین کو " الرٹ" کرنے کی کوشش کی تھی۔