وہ ہولی وڈ فلمیں جن کا سب کو ہے انتظار
گزشتہ برس ہولی وڈ کے لیے زیادہ اچھا نہیں رہا اور بہت کم تعداد میں ہی فلمیں لوگوں کی توجہ حاصل کرسکیں مگر 2015 دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کے لیے باکس آفس کے اعتبار سے زبردست ثابت ہوسکتا ہے۔
اس سال کئی ایسی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں جن کا انتظار لوگ کافی عرصے سے کر رہے ہیں اور انہیں ریلیز سے قبل ہی ارب ڈالرز فلمیں قرار دیا جارہا ہے، جبکہ 2014 میں صرف ایک فلم ٹرانسفارمرز فور ہی یہ جادوئی ہندسہ عبور کرسکی تھی۔
تو جانیے 2015 میں کونسی فلمیں آپ کی توقعات پر پوری اترنے کے ساتھ بلاک بسٹر ثابت ہوسکتی ہیں۔
ٹیڈ ٹو
![]() |
— اسکرین شاٹ |
سال 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ٹیڈ نے کافی دھوم مچائی تھی اور 549 ملین ڈالرز کمائے تھے۔ اب مارک وولبرگ ایک بار پھر اپنے بڑے منہ والے ٹیڈی بیئر کے ساتھ ٹیڈ ٹو کی شکل میں واپس آرہے ہیں اور لوگوں کو اس کامیڈی فلم کا بے تابی سے انتظار ہے جو 26 جون کو سینماﺅں پر ریلیز ہوگی۔
ان سائیڈ آﺅٹ
![]() |
— اے ایف پی فوٹو |
ڈزنی اسٹوڈیوز کی یہ فلم اینیمیٹیڈ ہے اسے پکسر نامی کمپنی نے تیار کیا ہے جس کی بنائی ہوئی تمام فلموں نے دنیا بھر میں کم از کم پچاس کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔ یہ فلم ان سائیڈ آﺅٹ ابھی سے کافی مشہور ہوگئی ہے جس میں دماغ کے اندرونی کام کے تصور اور انسانی جذبات کو پیش کیا گیا ہے جس میں لوگ کافی دلچسپی لے رہے ہیں یہ فلم 19 جون کو ریلیز کی جارہی ہے۔
ٹرمینیٹر جینیئسس
![]() |
— اسکرین شاٹ |
یہ مشہور زمانہ سیریز ٹرمینیٹر کا چوتھا حصہ ہے جس میں آرنلڈ شوازینگر طویل عرصے بعد قاتل مشین کے روپ میں نظر آئیں گے، جبکہ کرسٹین بیل بھی اس کی مرکزی کاسٹ میں شامل ہیں۔ پیراماﺅنٹ اسٹوڈیو کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ فلم آرنلڈ کے پرستاروں کے لیے ایک تحفہ ہے جو طویل عرصے سے ٹرمینیٹر کی واپسی چاہتے تھے۔ اس نئی فلم کی کہانی میں 1984 کے اوریجنل جیمز کیمرون فلم کے پلاٹ کو آگے بڑھایا گیا ہے جس سے نوجوان نسل کو بھی اس سیریز کا دیوانہ بنانے میں مدد ملے گی، یہ فلم یکم جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
مشن امپاسبل فائیو
![]() |
— اے پی فوٹو |
ٹام کروز ایک بار پھر ایک ناممکن مشن کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔ مشن امپاسبل کی آخری فلم اس سیریز کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم رہی تھی جس نے دنیا بھر میں 694 ملین ڈالرز کمائے تھے۔ مشن امپاسبل فائیو کی تفصیلات کو خفیہ رکھا جارہا ہے مگر اس میں ٹام کروز اور جرمی رنر ایک بار پھر اکھٹے ہوں گے اور اسے کرسمس کے موقع پر پچیس دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
جراسک ورلڈ
![]() |
— اے ایف پی فوٹو |
رواں برس ڈائنو سارز کے پرستاروں کی خواہش بھی جراسک پارک کے نئے حصے کی شکل میں پوری ہونے والی ہے۔ کرس پرٹ جراسک ورلڈ میں مرکزی کردار نبھائیں گے جو گزشتہ برس "دی لیگو" مووی اور "گارڈینز آف دی گلیکسی" جیسی سپرہٹ فلموں میں نظر آئے تھے اس وجہ سے ان کا نام ہولی وڈ میں کافی مقبولیت اختیار کرچکا ہے، یہ فلم بارہ جون کو ریلیز کی جائے گی۔
اسپیکٹر
![]() |
— اے ایف پی فوٹو |
جیمز بونڈ سیریز کی نئی فلم بھی رواں برس ہی ریلیز کی جائے گی اور اس سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں کیونکہ آخری فلم "اسکائی فال" نے ایک ارب دس کروڑ ڈالرز کمائے تھے اس لیے لوگ اس نئے حصے میں پہلے سے بھی زیادہ بہتری کے خواہشمند ہیں۔ اس فلم کی تیاری کے لیے تیس کروڑ ڈالرز کا بجٹ رکھا گیا تھا مگر وہ بھی کم پڑگیا اور یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اسے تیار کرنے والے سونی اسٹوڈیو کو فلم کے اختتام پر اعتراضات ہیں اور وہ اس میں تبدیلیاں چاہتا ہے، یہ فلم چھ نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
دی ہنگر گیمز موکنگ جے پارٹ ٹو
![]() |
— اسکرین شاٹ |
یقیناً موکنگ جے پارٹ ون اتنا بڑا ثابت نہیں ہوسکا جتنا تصور کیا جارہا تھا حالانکہ اس نے 2014 میں پہلے ہفتے کے دوران سب سے زیادہ بزنس کا ریکارڈ بنایا تھا مگر پھر لوگوں کی دلچسپی ختم ہونے لگی۔ مگر جینیفر لارنس دوسرے حصے میں ہنگر گیمز کا جادو پھر طاری کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ 2015 کی چند بڑی فلموں میں سے ایک ثابت ہوگی، اس فلم کو 20 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
فیوریئس 7
![]() |
— اسکرین شاٹ |
تیز رفتاری کے دیوانوں کی پیاس بجھانے آنکھوں سے سرمہ تک چرا لینے والے چوروں کا گروپ پھر واپس آرہا ہے تاہم اس بار پال واکر اس کا حصہ نہیں۔ فیوریس سیون کو کامیابی دلانے میں ایک چیز تو یہی ہے کہ پرستار اپنے پسندیدہ اسٹار پال واکر کو بے تابی سے الوداع کہنے کے منتظر ہیں کیونکہ یہ سلور اسکرین پر ان کی آخری فلم ہوگی۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ فلم اس سیریز کی سب سے کامیاب ثابت ہوسکتی ہے کم از کم اس کے مرکزی کردار اور پروڈیوسرز میں شامل ون ڈیزل تو اسی طرح اپنے ساتھی اداکار کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔ یہ فلم تین اپریل کو ریلیز کی جارہی ہے۔
دی ایوینجر : ایج آف الٹرون
![]() |
— مووی کا پوسٹر |
مارول کے سپرہیروز کا گروپ ایک بار پھر اکھٹا ہورہا ہے اور اسے 2015 کی سب سے منتظر فلم قرار دیا جارہا ہے۔ پرستار "دی ایوینجرز" کی ریلیز کے بعد سے اس کے سیکوئل کے منتظر تھے۔ دی ایوینجر ناصرف ہولی وڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں سے ایک ہے بلکہ اس کے قبضے میں ریلیز کے پہلے ہفتے سب سے زیادہ 207.4 ملین ڈالرز بزنس کا بھی ریکارڈ ہے۔ دی ایوینجرز کا ہی جادو ہے کہ اس سے جڑے تھور، آئرن مین اور کیپٹن امریکا کی الگ الگ فلمیں بھی باکس آفس پر تہلکہ مچانے میں کامیاب رہیں۔
اسٹار وارز: دی فورس اویکنس
![]() |
— آن لائن فوٹو |
اسٹار وار سیریز کی ساتویں فلم کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ ایک ارب ڈالرز سے زیادہ بزنس کرسکتی ہے۔ اس فلم کے 88 سیکنڈ کے پہلے ٹریلر نے ہی یوٹیوب پر تہلکہ مچا کررکھ دیا ہے جسے اب تک آٹھ کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ ڈزنی اسٹوڈیو نے اس سیریز کے رائٹس 2012 میں خرید کر اس کی تیاری شروع کی تھی اور وہ فلموں کے ساتھ اسٹار وارز تھیم پارکس میں بھی تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
تبصرے (4) بند ہیں