ایسی دس عام اشیاء جو بچائیں زندگی
سعدیہ امین اور فیصل ظفر
زندگی میں ایسے متعدد لمحات آتے ہیں جب آپ کسی مشکل کا شکار ہوتے ہیں مگر آپ کے ارگرد ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ سامان نہیں ہوتا یعنی بھوک لگنے پر کھانا اور بیماری یا زخمی ہونے پر طبی سہولیات وغیرہ۔
اس وقت انسان اکثر اپنا سر پکڑ کر بیٹھ جاتا ہے کیونکہ اسے سمجھ نہیں آتا کہ اب کیا کرے تاہم آپ کے ارگرد ایسی اشیاء ہوتی ہیں جو بظاہر کسی کام کی تو نہیں لگتی یا جن کا خیال بھی آپ کے ذہن میں نہیں آتا مگر وہ کارآمد بلکہ کئی مواقعوں پر تو آپ کی زندگی بچانے کا کام بھی کرسکتی ہیں۔
ایسی ہی چند عام اشیاء کے بارے میں جانیے جو مخصوص حالات میں آپ کے لیے بہت کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں۔
چیونگم
![]() |
— اے ایف پی فوٹو |
سادہ چیونگم بہت کام کی چیز ہوتی ہے۔ اس گم کے ایک ٹکڑے کو چبانے سے آپ اپنی بھوک پر قابو پاسکتے ہیں خاص طور پر ان حالات میں جب آپ کے پاس کھانے کے لیے بہت کم سامان ہو یا ہنگامی حالات میں گھرے ہوئے ہوں۔ چیونگم چبانے سے منہ میں لعاب دہن بنتا ہے جو بہت ضروری ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ کسی باقاعدہ کھانے کا متبادل تو نہیں مگر چیونگم کے ایک یا دو ٹکڑے مختصر مدت کے لیے جسم کو غذائیت بخشنے کا کام ضرور کرسکتے ہیں۔
ہینڈ واش
![]() |
— وکی میڈیا کامنز |
عام طور پر لوگ ہینڈ واشنگ لیکوئیڈ کا استعمال جراثیموں کو دور بھگانے کے لیے کرتے ہیں مگر کسی جنگل میں راہ بھٹک جانے پر یہ آگ لگانے کے لیے بہترین ایندھن کا کام کرتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کو معلوم نہ ہو مگر بیشتر ہینڈ واشنگ جیل الکحل سے تیار ہوتے ہیں جو آسانی سے آگ پکڑ لیتے ہیں بس آپ کو لکڑی کے چھوٹے ٹکڑوں کا ڈھیر جمع کرنا ہوگا اور پھر ان پر لیکوئیڈ کو چھڑک کر آگ لگادیں۔ تاہم اس بات کا خیال رکھیں کہ اپنے ہاتھوں کو مٹی سے رگڑ کر صاف کرلیں ورنہ ان کے جلنے کا بھی خطرہ ہوگا۔
سپر گلو
![]() |
— آن لائن فوٹو |
کیا آپ کے جسم پر کوئی ایسا زخم آگیا ہے جسے سلائی (ٹانکوں) کی ضرورت ہے؟ آپ کے ارگرد طبی امداد، سوئی دھاگہ میسر نہیں یا ٹانکوں کی تربیت حاصل نہیں؟ اگر ہاں تو کوئی مسئلہ نہیں اس پر گلو ایسا ایمرجنسی مرہم ثابت ہوتا ہے جو جسم پر لگنے والے معمولی کٹ کو فوری طور پر بند کردیتا ہے اور انہیں انفکیشن سے بچاتا ہے تاہم یہ گولیوں کے نتیجے میں ہوجانے والے سوراخ کے حوالے سے زیادہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوتا۔
جرابیں
![]() |
— اے پی فوٹو |
اگر آپ کے پیروں میں زخم یا انفیکشن ہوگیا ہے اور آپ طبی امداد سے محروم ہیں تو جرابیں آپ کے پیروں کو درجہ حرارت گرنے پر گرم رکھیں گی۔ اونی جرابیں اس حوالے سے بہترین ہیں جو آپ کی جلد کو نمی سے بچا کر زخم بگڑنے نہیں دیتی تاہم ہر قسم کی جراب کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر آپ انہیں اپنے ہاتھوں پر چڑھا کر تپش اور کانٹوں سے بھی تحفظ حاصل کرسکتے ہیں اور اگر کوئی خطرہ سامنے آجائے تو اس میں پتھر بھر کر انہیں ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
گن پاﺅڈر
![]() |
— اسکرین شاٹ |
آپ نے فلموں میں دیکھا ہی ہوگا کہ ایک شخص گولی لگنے سے زخمی ہوتا ہے تو وہ کچھ گولیوں سے بارود یا گن پاﺅڈر نکال کر جمع کرتا ہے اور زخم پر چھڑک کر آگ لگا دیتا ہے؟ اگر ہاں تو یہ واقعی بہت موثر طریقہ ہے اگرچہ اس سے تکلیف بہت زیادہ ہوتی ہے مگر یہ گہرے زخموں کو جراثیم سے پاک کرنے اور بند کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ کوئی بہترین حل تو نہیں مگر کسی ہنگامی صورتحال یا ڈاکٹر تک رسائی نہ ہونے کی صورت میں ایک اچھا آپشن ضرور ہے۔
سوڈا یا کولڈ ڈرنک
![]() |
— وکی پیڈیا فوٹو |
منہ میں پانی بھر دینے والی کولڈ ڈرنک مشکل حالات میں ایک ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ بس بوتل کو زور زور سے ہلائیں اور پھر اسے حملہ آور کی آنکھوں پر چھڑک دیں یا کسی سنسان جگہ پر پھنس جانے کی صورت میں خالی کین کے نچلے حصے کو روشنی کی مدد سے سگنل بھیجنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگر مدد نہیں مل رہی اور کھانے کا مسئلہ ہے تو اسے مچھلی پکڑنے والے کانٹے کی شکل دے کر بھی اس مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
سرکہ
![]() |
— فائل فوٹو |
سرکہ بیکٹریا کش خوبیوں کا حامل ہوتا ہے جو جسم پر جلنے سے آنے والے زخموں، ورم اور انفیکشن وغیرہ کے علاج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کا استعمال زخم، ورم یا انفیکشن وغیرہ سے تو بچاتا ہی ہے مگر یہ آپ کو ایسی بدبوﺅں سے بھی نجات دلاتا ہے جو آپ سونگھنا پسند نہیں کرتے۔ اس کی معمولی مقدار پانی میں ملا کر پینے سے پیٹ کی بدہضمی یا اس میں پیدا ہو جانے والے کیڑوں سے بھی نجات ملتی ہے جو آلودہ پانی کے استعمال سے پیدا ہو کر جسم میں بڑھنے لگتے ہیں۔
مضبوط آئینہ اور سیٹی
![]() |
— اسکرین شاٹ |
ہر چمکتی ہوئی چیز کام آسکتی ہے مگر ایک اچھا آئینہ آپ کی زندگی بچانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ اگر آپ کبھی کہیں تنہا پھنس جائیں تو اس کا استعمال سورج اور چاند کی روشنی کی بدولت اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے کیا جاسکتا ہے جبکہ اسے مناسب زاویے سے استعمال کیا جائے تو دن میں اس سے آگ بھی جلائی جاسکتی ہے۔ اسی طرح آئینے کے ساتھ ایک سیٹی بھی آپ کی جیب میں ہو تو کوئی بھی ریسکیو ٹیم آپ کو نظرانداز کرکے آگے نکل ہی نہیں سکتی۔
کھانے کا سوڈا
![]() |
— وکی پیڈیا فوٹو |
ویسے تو اس کا استعمال بدہضمی سے بچاﺅ کے لیے کھانوں میں کیا جاتا ہے مگر اس کا ایک اور بڑا فائدہ بھی ہے، وہ ہے آتشزدگی پر قابو پانا۔ کسی ہنگامی حالت میں اگر فائر فائٹرز آپ تک پہنچنے سے قاصر ہوں اور گھر میں پانی بھی نہ ہو تو اس کا انتہائی سستا متبادل کھانے کے سوڈے کی شکل میں موجود ہے اسے معمولی درجے کی آگ بجھانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ہارمونیکا
![]() |
— آن لائن فوٹو |
اگر گھر سے بجلی غائب ہوجائے اور جنریٹرز بھی آپ کے ضروری آلات کو چارج کرنے میں ناکام ثابت ہو رہے ہوں جس سے پیدا ہونے والی صورتحال آپ کے ذہن میں ہلچل مچارہی ہو تو سُروں کی طاقت آزما کر دیکھیں۔ موسیقی دماغ میں مسرت اور تخلیق کو فروغ دیتی ہے اور اس سے توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی پریشانی اور تکلیف کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
اس حوالے سے انتہائی سستا ہارمونیکا جو ہر جگہ باآسانی مل جاتا ہے آپ کے ذہن کو معمول پر رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے جب تک صورتحال معمول پر نہ آجائے۔
تبصرے (1) بند ہیں