• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

2015: باوا طوطے شاہ کی پیشگوئیاں

شائع January 8, 2015
2015 کے لیے باوا سرکار نے اپنے خفیہ آستانے سے کچھ پیشگوئیاں کی ہیں، جو گذشتہ سال کی طرح قابلِ دست اندازی پولیس ہیں — فوٹو The New Paper
2015 کے لیے باوا سرکار نے اپنے خفیہ آستانے سے کچھ پیشگوئیاں کی ہیں، جو گذشتہ سال کی طرح قابلِ دست اندازی پولیس ہیں — فوٹو The New Paper

اگرچہ عصرِ حاضر کے ناسٹرا ڈیمس طوطے شاہ المعروف باوا سرکار نے پچھلے سال کے لیے اپنی بیان کردہ قابلِ دست اندازی پولیس و دیگراں پیشگوئیوں کے طفیل خاصی لعن طعن کا سامنا کیا اور حوالات میں بھی قدم رنجہ فرمایا، تاہم آپ کے مسائل کا حل اور مستقبل کی پیشگوئیاں بیان کرنے جیسے افعال سے باز رہنا قبلہ کے لیے ممکن نہیں۔

پس اپنی جبلت سے مجبور ہوکر آپ نے اس دفعہ پھر دسمبر کا مہینہ ایک دور افتادہ خفیہ پہاڑی مقام پر قیام فرمایا اور ستاروں کی چالوں کا قریب سے مشاہدہ فرما کر ان کی روشنی میں آپ کا مستقبل کھوجنے کی سعی کی۔ باوا سرکار نئے سال 2015ء کی ’’غیر پارلیمانی‘‘ قسم کی پیشگوئیاں کرنے کے بعد اسی پہاڑی جائے واردات کی طرف ہجرت فرما گئے ہیں۔ آپ نے اس وقت تک آستانے پر دوبارہ قدم رنجہ نہ ہونے کا عزم کیا ہے، جب تک پیشگوئیاں ذیل کی بنا پر ان کی جان و آبرو کو لاحق خطرات رفع نہیں ہو جاتے۔

*سالِ نو بھی سابقہ برس کی ’’فوٹو سٹیٹ‘‘ ہی ثابت ہوگا اور عالمی منڈی میں تیل اور انسانی خون سستا ہوگا۔

*دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے اِمسال بھی غور ہوتا رہے گا، اور’’نیشنل اِن ایکشن پلان‘‘ کے لیے کمیٹیاں، در کمیٹیاں، ذیلی کمیٹیاں، نگران کمیٹیاں وغیرہ بنتی رہیں گی، طویل اجلاس ہوتے رہیں گے، عزم ہوتے رہیں گے، حتیٰ کہ دہشت گرد اس طوالت سے گھبرا کر بھاگ جائیں گے۔

*اقبال اور فیض شناسوں میں مزید کمی ہوگی، البتہ استاد امام دین گجراتی کے کلام پر تحقیق و تنقید کا عمل تیز ہوگا۔ نیز بیک وقت کئی شعرائے کرام عصرِ حاضر کے امام دین قرار پائیں گے اور عدیم النظیر مناصب و اعزازات سے نوازے جائیں گے۔ حسن کارکردگی کے سالانہ ’’استاد امام دین گجراتی ایوارڈ‘‘ کا اجراء بھی ہوگا ۔علاوہ ازیں ’’قہقہاتی ادب‘‘ فروغ پائے گا اور طنز و مزاح پر سبقت حاصل کرے گا۔

*سارا سال ملک کو پولیو، خسرہ، خناق، ٹی بی اور آشوبِ آگہی جیسی مہلک بیماریوں سے پاک کرنے کے لیے جہدِ مسلسل جاری رہے گی اور ان خطرناک امراض میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

*گیس اور بجلی کی مایہ ناز لوڈ شیڈنگ اور اس کے خاتمے کے بیانات شانہ بشانہ چلیں گے اور نتیجہ وہی رہے گا جو پانی بلونے کے بعد سامنے آتا ہے۔ نیز اس عظیم لوڈ شیڈنگ کے صدقے ’’عظمتِ رفتہ‘‘ بحال کرنے میں مدد ملے گی اور بعض بزرگوں کا غاروں کے زمانے میں پلٹنے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا۔

*اِمسال کوئی عظیم دانشور گوشہ گمنامی میں یوں چپ چاپ دنیا سے گزر جائے گا، جیسے بشریٰ انصاری کے پاس سے دبے پاؤں وقت گزرا ہے۔

*New Horizons نامی امریکی خلائی جہاز 36 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اگلی دنیاؤں کی طرف سفر کرتا رہے گا، جبکہ کسی نامعلوم ریاست میں ریورس گیئر میں اتنی ہی رفتار سے ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ نیز کسی اخلاق باختہ قوم کے سائنسدان چاند پر زندگی گزارنا ممکن کر دکھائیں گے، جبکہ اخلاقی قدروں سے مزین کوئی برگزیدہ قوم عید کا چاند دیکھنے پر باہم دست و گریباں رہے گی۔

*قائداعظم کے افکار و نظریات کی اصلاح کا خیرالعمل جاری رہے گا اور صالحین ملت و جہادی قلمکار اس بے ریا، کھرے اور شریف آدمی کو حضرت مولانا محمد علی جناح ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔ ان کی زبانِ دشنہ و خنجر اور قلمِ بے نیام سے التباسات تڑپ تڑپ کر نکلیں گے اور نیم خواندہ اور جذباتی قوم کو تڑپا کر رکھ دیں گے۔

*خواتین میں لباس کا ناجائز استعمال فروغ پائے گا اور بعض ’’مستورات‘‘ عریانی کے لیے ستر پوشی سے کام لیں گی۔ مزید برآں ستاروں نے باوا سرکار کو نئے سال کے چند ایسے فیشنز کے درشن بھی کرائے ہیں کہ اگر ان کے ڈیزائنوں کا الفاظ میں نقشہ کھینچا جائے تو پیشگوئی ہٰذا سنسر کی زد میں آ جائے۔

*چند بزرگ سیاستدان، دانشور اور مذہبی رہنما جو اپنی طبعی عمر پوری کر کے ’’اوور ٹائم‘‘ لگا رہے ہیں، راہی بقا ہو جائیں گے۔ تاہم قوم کو اس سے کوئی فائدہ نہ ہوگا کیونکہ ان کا خلا پر کرنے کے لیے لائنیں لگی ہوئی ہیں۔

*سیاسی ملائیت، جمہوریت کے خلاف صف آرا رہے گی. نیز فنونِ لطیفہ کی سرکوبی کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرے گی۔

*’’غنڈی رن‘‘ اور ’’حسینہ زیرو میٹر‘‘ برانڈ اصلاحی فلمیں بنا کر پڑوسی ملک کی مخرب اخلاق فلموں کا مقابلہ کیا جائے گا۔

*ٹوپی ڈراموں اور پگڑی ڈراموں میں اضافہ ہوگا۔ نیز نان ایشوز پر دھرنے بازیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بیان بازیاں، جگت بازیاں، رنگ بازیاں، آتش بازیاں، پتنگ بازیاں اور نقاب کشائیاں جاری رہیں گی۔ *تاریخ اپنے آپ کو دہرائے گی۔ سلسلہ عسکریہ کے خلیفہ چہارم، فاتح کارگل اور ممتاز طبلہ نواز استاد پرویز مشرف ملک سے مکھن کے بال کی طرح یوں نکل جائیں گے جیسے میاں برادران نکلے تھے۔

*محبوب اور موبائل کی سمیں تبدیل کرنے کا رجحان فروغ پائے گا۔ نیز محبوب کی بے نیازیوں سے دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کے رجحانات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ تاہم آلامِ زمانہ اور مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہوکر یہ عمل ترقی کر سکتا ہے۔ نیز سامانِ تعیش مثلاً آٹا، چینی، تیل، بجلی وغیرہ مسافرانِ خستہ جاں کی دسترس سے باہر ہو جائے گا۔

*جرائم کا بول بالا ہوگا، قانون کا منہ کالا ہوگا۔

*یہود و ہنود ہماری دختر ملالہ یوسفزئی کو کئی اور ایوارڈ دے کر ہماری پولیو زدہ غیرت پر تازیانے برسائیں گے۔

*پڑوسی ملک کے ساتھ امن اور دوستی قائم ہونے کے شدید خطرات منڈلاتے رہیں گے۔ تاہم’’غیرت بریگیڈ‘‘ کا جذبہ ایمانی خطرات کے ان بادلوں کو بن برسے ہی بھاگنے پر مجبور کردے گا۔

*جہالت، جذباتیت اور غربت شانہ بشانہ چلیں گی اور باہم مل کر ایسا طوفان برپا کریں گی کہ عقل، منطق، دلیل اور رواداری کی نیم جاں شمعیں گل ہونے کا خطرہ ہے۔ نیز مردانہ قوت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں قوتِ برداشت میں بھی مزید کمی آنے کا خدشہ ہے۔

نوٹ: قبلہ طوطے شاہ کو ستاروں نے اور بھی کئی ہوشربا پیشگوئیوں سے’’روشناس‘‘ کرایا ہے۔ تاہم باوا سرکار نے عدم برداشت کے نامہرباں موسموں میں ان کو طشتِ ازبام کرنے سے اجتناب فرمایا ہے کہ

بلھے شاہ ہن چپ چنگیری

نہ کر ایتھے ایڈی دلیری

وقار خان

لکھاری ایک فری لانس جرنلسٹ ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (4) بند ہیں

Ali Tahir Jan 08, 2015 05:51pm
Waqar!!! You are just amazing, rather I would say that you are NFP of Urdu satire. Unbelievable dude you done a superb Job. But honestly I am in a serious doubt that do you have any idea what you have written above? Seriously you slapped on the face of our so called community. Hats off to you Waqar. Always love to read you. You are Partras and Yousafi of this Era. Mark my words. God Bless You!!!!!!
Faisal Altaf Jan 09, 2015 12:30pm
Agreed. This is the real face of this Nation. Your predictions will be proved true.
Faisal Altaf Jan 09, 2015 12:31pm
Agreed.
Omair Jan 09, 2015 01:09pm
بھت خوب۔۔وقار خان ، مزا آگیا۔۔۔!!

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024