ٹیم بلاول: پیپلز پارٹی کا نیا یوتھ ونگ؟
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے درمیان اختلافات کو بلاول کے حامیوں کی جانب سے بنائی گئی ویب سائٹ ' ٹیم بلاول' نے مزید بڑھاوا دے دیا ہے۔
اگرچہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اپنا یوتھ ونگ موجود ہے تاہم ' ٹیم بلاول' کا مقصد بلاول بھٹو زرداری کے لیے اپنا حمایتی گروپ بنانے کی ایک کوشش معلوم ہوتی ہے۔
چند میڈیا رپورٹس کے مطابق بلال بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے درمیان گزشتہ دنوں کچھ اختلافات نے جنم لیا اور اسی وجہ سے بلاول 27 دسمبر کو اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے لاڑکانہ نہیں آئے ، جب کہ ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: بینظیر کی برسی: بلاول کی عدم شرکت کی وجہ ؟
ٹیم بلاول کی ویب سائٹ (www.teambilawal.org) کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی ابتداء میں پاکستان کے نوجوانوں پر مشتمل تھی۔
'جہاں پر اس کا خاتمہ ہوا، بلال بھٹو زرداری وہیں سے پاکستان کی آبادی کے 60 فیصد پر مشتمل نوجوانوں کے لیے امید بن کر آئے ہیں۔ پاکستان کی سربراہی اب نوجوان کریں گے اور اسے نوجوان ہی چلائیں گے'۔
ویب سائٹ کے مطابق 'نوجوان نسل کو طاقت کی منتقلی سے امن اور سماجی ہم آہنگی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے، جو آگے چل کر نوجوانوں کی صلاحیت پر بات چیت کی راہ ہموار کرسکتا ہے'۔
ویب سائٹ میں نوجوانوں کو آگے آنے اور ذمہ داری لینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ویب سائٹ پر 'ٹیم بلاول' میں شمولیت کے لیے ایک فارم دیا گیا، جس میں بنیادی معلومات جیسے تاریخ پیدائش، نام اور ایڈریس وغیرہ پوچھا جاتا ہے، جبکہ شامل ہونے والے ممبران سے ان کی صلاحیتیں اور تجربات بھی پوچھے جاتے ہیں۔
درخواست فارم میں ٹیم بلاول میں شمولیت کے لیے تفصیلی وجہ بھی پوچھی جاتی ہے۔
'ٹیم بلاول' کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بھی گروپ کی آفیشل مصروفیات اور سرگرمیاں شیئر کی جارہی ییں۔ اس کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری، آصفہ زرداری اور دیگر پی پی پی رہنماؤں کی ٹوئیٹس کو بھی دوبارہ شیئر کیا جارہا ہے۔
ٹیم بلاول ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹوئیٹ:
جب اس سلسلے میں ڈان نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ بلاول ہاؤس کراچی کے متعلقہ سیکشن سے تصدیق کے بعد ہی کوئی جواب دے سکیں گے۔
تاہم سینیٹر بابر کی جانب سے ابھی تک تصدیقی کال موصول نہیں ہوئی۔