• KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Sunny 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.5°C
  • KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Sunny 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.5°C
شائع January 1, 2015

2014 کی سب سے زیادہ کامیاب ہولی وڈ فلمیں


2014 ہولی وڈ باکس آفس کے لیے حالیہ برسوں میں بدترین قرار پایا جس کی وجہ سمر بلاک بسٹرز کی کمی رہی جس کے نتیجے میں دنیا کی سب سے بڑی فلمی صنعت 9.9 ارب ڈالرز ہی کمانے میں کامیاب ہوسکی۔

گزشتہ برس سپرہیروز فلمیں، خاندانی رشتوں پر کہانیاں اور ناولوں پر بننے والی فلمیں زیادہ بڑی ہٹ ثابت ہوئیں اور کامک بکس ہیروز پر فلمیں بنانے والی کمپنی مارول کئی اہم فلموں کے ساتھ سب سے نمایاں رہی۔

مگر باکس آفس معرکہ کونسی فلم سر کرنے میں کامیاب رہی؟ ہم نے 2014 کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں کی فہرست مرتب کی ہے جو درج ذیل ہے۔

ٹرانسفارمز 4

اس برس جس فلم نے سب سے زیادہ بزنس کیا وہ "ٹرانسفارمرز : ایچ آف ایکسٹینشن" تھی جس نے دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز سے زائد کمائے۔

پیراماﺅنٹ پکچرز کی یہ فلم 27 جون کو ریلیز ہوئی تھی اور حیرت انگیز طور پر ناقدین نے اس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا مگر وہ 2014 کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم ثابت ہوئی۔

مائیکل بے کی مقبول فرنچائز کی اس چوتھی کڑی نے اپنی ریلیز کے دو ہفتوں بعد ہی 2014 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا تھا جو اب تک کوئی چھیننے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

گارڈین آف دی گلیکسی

رواں برس آمدنی کے لحاظ سے دوسری بڑی فلم "گارڈین آف دی گلیکسی" رہی ہے۔ اسے مارول کا ایک جوا قرار دیا جارہا تھا اور کوئی نہیں جانتا تھا کہ یکم اگست کو ریلیز ہونے والی اس کامک فلم کو دیکھنے کے لیے لوگ گھروں سے نکلیں گے یا نہیں تاہم حیرت انگیز طور پر یہ 772.3 ملین (77 کروڑ سے زائد) ڈالرز کمانے میں کامیاب رہی جبکہ ناقدین نے بھی اس کے مزاح، ایکشن، سائنس فکشن وغیرہ کو سراہا۔

اب اس فلم کی کامیابی کے بعد اس کے سیکوئل پر بھی کام شروع ہوگیا ہے جو مئی 2017 میں ریلیز کیا جائے گا۔

میلیفسنٹ

ڈزنی پکچرز کی جانب سے کلاسیک داستان سلیپنگ بیوٹی کو ایک بار پھر پیش کیا گیا اور فلمی پنڈتوں نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا تاہم انجلینا جولی نے ولن کے کردار میں میلہ لوٹ کر اسے سال کی تیسری کامیاب ترین فلم بنا دیا۔

تیس مئی کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے امریکا میں 241.4 ملین جبکہ دیگر ممالک میں 516.3 ملین ڈالرز کا بزنس کیا اور یوں مجموعی طور پر یہ 757.8 ملین ڈالرز لوٹنے میں کامیاب رہی۔

ایکس مین

بڑے اسٹارز سے سجی ایکس مین سیریز کی نئی فلم "ڈیز آف فیوچر پاسٹ" نے 746 ملین ڈالرز بزنس کے ساتھ چوتھی پوزیشن اپنے نام کی۔

فوکس اسٹوڈیو کی یہ فلم 23 مئی کو ریلیز ہوئی اور پہلے ہی ہفتے 90 ملین ڈالرز کا بزنس کیا جس میں اس سیریز کے تمام پرانے کرداروں کو ایک ساتھ جمع کیا گیا اور کچھ نئے کردار بھی متعارف کرائے گئے۔

اب اس فلم کا سیکوئل "ایکس مین : اپوکیلپس" 2016 کی گرمیوں میں ریلیز کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

کیپٹن امریکا ٹو

مارول کی ایک اور پیشکش "کیپٹن امریکا : دی ونٹر سولجر" چار اپریل کو سینماﺅں میں پیش کی گئی اور پورے تین ہفتے تک یہ باکس آفس پر نمبرون پوزیشن پر رہی۔

اس کے بعد بھی یہ موسم گرما کے دوران مناسب بزنس کرتی رہی اور مجموعی طور پر اس نے 714 ملین ڈالرز کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر قبضہ جمایا اور اب مارول نے اس کے تیسرے حصے پر کام شروع کردیا ہے جو مئی 2016 میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

کہا جا رہا ہے کہ اس حصے میں "دی ایوینجرز" کی طرح متعدد سپرہیروز کو ایک ساتھ پیش کیا جائے گا۔

امیزنگ اسپائڈر مین ٹو

اسپائڈر مین ٹرائیلوجی کی دوسری فلم "امیزنگ اسپائیڈر مین ٹو" نے بھی اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کیا اور 709 ملین ڈالرز کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

سونی/ کولمبیا اسٹوڈیوز کی یہ فلم دو مئی کو ریلیز کی گئی اور اس کا اولین ہفتے کا بزنس اب تک کی اسپائڈر مین کی تمام فلموں میں بدترین تھا جبکہ ناقدین نے بھی اس کو پسند نہیں کیا مگر پھر بھی یہ مناسب بزنس کرنے میں کامیاب رہی مگر پھر بھی یہ توقعات کے مطابق کمانے میں کامیاب نہیں ہوسکی جس سے اس سیریز کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

پلانیٹ آف دی ایپس

ٹوئنٹتھ سنچری فوکس اسٹوڈیو کی یہ فلم گیارہ جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کی گئی اور 2011 کی فلم کا یہ سیکوئل دو ہفتے تک باکس آفس پر ٹاپ پوزیشن پر رہا اور موسم گرما اور خزاں تک یہ فلم اچھا بزنس کرتی رہی۔

نئے ڈائریکٹر میٹ ریویز کی تیار کردہ اس فلم نے 708.3 ملین ڈالرز کما کر سال کی ساتویں کامیاب ترین فلم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

متاثر کن اسپیشل ایفیکٹس نے اس فلم کو باکس آفس فتح کرنے میں کافی مدد فراہم کی۔

دی ہنگر گیمز موکنگ جے

ہنگر گیمز سیریز کے نئے حصے "موکنگ جے پارٹ ون" کا پرستار شدت سے انتظار کر رہے تھے اور یہی وجہ ہے کہ اکیس نومبر کو ریلیز ہوتے ہی اس کو دیکھنے کیے لیے سینماﺅں کے سامنے ہجوم لگ گیا۔

یہ فلم ایک مہینے میں 641 ملین ڈالرز سے زائد کما کر اس وقت آٹھویں پوزیشن پر ہے مگر جینیفرلارنس کی بہترین اداکاری سے سجی اس فلم کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ ایک ارب ڈالرز سے زائد بزنس کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

اس فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے ہفتے ہی 121.9 ملین ڈالرز کما کر رواں سال کی سب سے بڑی اوپننگ فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

انٹرسٹیلر

پیراماﺅنٹ پکچرز کی اس فلم کا بھی پرستاروں کو شدت سے انتظار تھا جس کی وجہ اس کے ساتھ جڑا کرسٹوفر نولان کا نام تھا جنھوں نے بیٹ مین سیریز سے شہرت حاصل کرنے کے بعد خلائی ایڈونچر کی جانب رخ کیا۔

پانچ نومبر کو ریلیز ہونے والی یہ فلم اب تک 636 ملین ڈالرز سے زائد کما کر نویں نمبر پر موجود ہے اور اپنے بہترین ویژول ایفیکٹس اور کہانی کی بدولت توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اس فہرست میں مزید آگے جائے گی۔

ٹرین یور ڈریگن ٹو

تیرہ جون کو ریلیز ہونے والی فلم "ہاﺅ ٹو ٹرین یور ڈریگن" 618.9 ملین ڈالرز کی آمدنی کے ساتھ رواں سال کی واحد اور ٹاپ ٹین میں کھڑی آخری فلم ہے۔

فوکس اسٹوڈیو کی یہ فلم 2010 میں ریلیز ہونے والے اپنے پہلے حصے کی طرح باکس آفس پر نمبر ون نہیں رہی مگر پھر بھی یہ لوگوں کو اپنی جانب کھینچتی رہی۔