• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
شائع December 29, 2014

سال 2014 کی اسٹار شادیاں

سعدیہ امین اور فیصل ظفر


سال 2014 اب اختتام ہونے کے قریب ہے اور یہ پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے کافی مثبت ثابت ہوا جس میں فلمی صنعت کی دوبارہ بحالی کی کوششوں میں مزید تیزی آئی اور کئی فلموں کی کامیابی نئے لوگوں کو اس میدان میں لائی۔

اسی طرح ٹی وی چینلز پر بھی کافی اچھے سیریلز سامنے آئے اور کافی اداکار بھی خود کو منوانے میں کامیاب رہے تاہم یہ سال کچھ ستاروں کے لیے نئی زندگی کے آغاز کا بھی زینہ ثابت ہوا جنھوں نے شادی کے بعد نیا سفر شروع کیا۔

ایسے ہی چند اسٹارز کے بارے میں جانیے جنھوں نے رواں برس شادی کرکے اپنی زندگی کو نئے رنگ میں ڈھال لیا۔


بلال خان


بلال خان ایک باصلاحیت گلوکار ہونے کے ساتھ گیت نگار بھی ہیں جن کا البم 'امید' لکس اسٹائل ایوارڈ میں نامزدگی پانے میں بھی کامیاب رہا مگر رواں برس کا آغاز ہی ان کی زندگی کے لیے پرمسرت ثابت ہوا اور یکم جنوری کو شادی کے بندھن سے بندھ گئے۔


مدیحہ رضوی اور حسن نعمان


مدیحہ رضوی اور حسن نعمان دونوں اداکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی میں اسٹارز کی تعداد بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے اسے ستاروں کا جھرمٹ بھی قرار دیا گیا۔


عمیرہ احمد


`

`

عمیرہ احمد کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ڈائجسٹ کی دنیا سے ٹیلیویژن کے ڈراموں تک ان کی تحریریں بے مثال کامیاب ثابت ہوئیں، ان کی شادی بھی جنوری کے تیسرے مہینے ہوئی تاہم وہ اپنی نجی زندگی کو محدود رکھتی ہیں اس لیے کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی تاہم ان کے فیس بک پیج پر اس کا اعلان ضرور سامنے آیا۔


گوہر ممتاز اور انعم احمد


گوہر ممتاز گلوکار و اداکار ہیں جبکہ انعم احمد معروف ماڈل ہیں اور ان کی شادی بھی یادگار ثابت ہوئی جس میں یہ جوڑا ایک دوسرے کے ساتھ بہت خوبصورت نظر آرہا تھا۔


دعا ملک اور سہیل حیدر


دعا ملک ایک ٹی وی میزبان اور سہیل حیدر ابھرتے ہوئے گلوکار ہیں، ان دونوں کی شادی کی تقریب تیرہ جون کو ہوئی۔


عائزہ خان اور تیمور دانش


عائزہ خان رواں برس ٹی وی ڈراموں کی دنیا پر چھائی رہیں جبکہ دانش تیمور بھی نمایاں اداکاروں میں سے ایک ہیں اور یہ دونوں کافی عرصے سے منگنی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے تاہم آٹھ اگست کو اسے شادی کی شکل میں زندگی بھر کا رشتہ بنا دیا گیا۔ ان کی شادی انتہائی یادگار رہی کیونکہ اس میں ڈرامہ انڈسٹری کے لگ بھگ ہر قابل ذکر اداکار نے شرکت کی۔


سونیا حسین


سونیا حسین ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں جنھوں نے حالیہ برسوں میں کئی کامیاب ڈراموں کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی اور ان کی شادی دس اگست کو واصف محمد سے ہوئی جو ایک ماڈل ہیں۔


ثروت گیلانی اور فہد مرزا


ثروت گیلانی اور فہد مرزا کی شادی بھی اگست میں طے پائی اور دونوں معروف اداکار ہیں اس لیے ان کے ملن کی رات ستاروں کے اجتماع نے تقریب کو یادگار بنا دیا، ادکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ کاسمیٹک سرجن بھی ہیں۔


اسد صدیقی


اسد صدیقی نے آزر کی آئے گی بارات، ڈولی کی آئے گی بارات جیسے ڈراموں کے ذریعے اپنے کریئر کا آغاز کیا، ان کی شادی رواں سال کے وسط میں ماہم بابر سے ہوئی۔


انوشے عباسی


انوشے عباسی اپنی بہترین اداکاری کی بناء پر شہرت رکھتی ہیں اور انہوں نے 29 ستمبر کو اینان عارف سے شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا اینان سابق کرکٹر تسلیم عارف کے بیٹے ہیں۔


ارپیتا خان


بولی وڈ اداکار سلمان خان کی بہن ارپیتا خان نے بزنس مین آیوش شرما سے شادی کرلی، ممبئی کے مقامی ہیریٹیج ہوٹل میں ارپیتا کی بارات کی تقریب ہوئی جس میں خاندان اور فلمی ستاروں کے جھرمٹ نے شرکت کی اور سلمان کی بہن کو دعاﺅں اور نیک تمناﺅں کے ساتھ پیا گھر رخصت کیا۔


دیا مرزا


اٹھارہ اکتوبر کو بولی وڈ کی حیدرآبادی پرنسز دیا مرزا نے اپنے پرانے دوست اور فلم ساز ساحل سنگھا کے ساتھ دہلی میں شادی کی، اگرچہ دونوں ایک دوسرے کو 2009 سے جانتے ہیں مگر 2014 میں ہی ساحل نے پہلی بار دیا مرزا سے شادی کی درخواست کی۔


جان ابراہم


بولی وڈ اسٹار جان ابراہم اپنے منفرد انداز کی بناء پر جانے جاتے ہیں اور ان کا اپنا انداز ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ شادی کے موقع پر کسی عظیم الشان تقریب کی بجائے جان ابراہم خاموشی سے اپنی محبوبہ پریا رنچل کے ساتھ زندگی بھر کے بندھن میں بندھ گئے اور بعد میں اس کا اعلان ٹوئیٹر پر ایک پیغام کے ذریعے کیا۔


رانی مکھرجی


بولی وڈ کی اس خوبصورت حسینہ نے اکیس اپریل کو اٹلی میں معروف پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا کے ساتھ شادی کی، اہم بات یہ ہے کہ اس سے پہلے دونوں کے درمیان تعلق کی خبریں گرم تھیں مگر انہوں نے کبھی اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔


سمیرا ریڈی


رواں برس بولی وڈ اداکارہ سمیرا ریڈی سمیرا وردے بن گئیں، یعنی انہوں نے اکتیس سالہ کاروباری شخص اکشے وردے سے زندگی بھر کا بندھن قائم کیا، یہ اداکارہ شادی سے پہلے ہی بولی وڈ کی دنیا سے غائب ہوگئی تھیں۔


جارج کلونی


ہولی وڈ اسٹار جارج کلونی نے امل علام الدین سے 27 ستمبر کو اطالوی شہر وینس میں اپنے خاندان اور دوستوں کے ہجوم میں شادی کا رشتہ جوڑ لیا، تاہم دونوں نے 29 ستمبر کو بھی شادی کی ایک سادہ تقریب کا انعقاد کیا، شادی کے وقت جارج کلونی کی عمر 53 جبکہ امل کی 36 سال تھی۔


انجلینا جولی اور بریڈ پٹ


یہ جوڑا طویل عرصے سے ایک ساتھ ہے تاہم 2014 میں ان دونوں نے باقاعدہ شادی کر ہی لی انہوں نے خاموشی سے فرانس کے ایک چھوٹے سے قصبے میں زندگی بھر کا بندھن قائم کیا اور اس کا اعلان بھی ان دونوں کے ترجمان نے ایک بیان میں کیا۔


شعیب اختر


سابق پاکستانی فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے بھی رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کی سترہ سالہ ایک لڑکی سے شادی کرلی، رپورٹس کے مطابق اس لڑکی کا نام رباب ہے۔


عمر اکمل


پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے سولہ اپریل کو لاہور میں ہونے والی ایک تقریب میں نور آمنہ کو اپنی شریک حیات بنایا، اس تقریب میں پاکستانی ٹیم کے دیگر اراکین نے بھی بھرپور انداز میں شرکت کی۔


ارجیت سنگھ


بولی وڈ فلم 'عاشق ٹو' سے اپنی مدھر آواز سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ارجیت سنگھ نے اکیس جنوری کو خاموشی سے اپنی بچپن کی دوست کوئل سے شادی کا بندھن جوڑ لیا، کہا جاتا ہے کہ یہ دونوں ڈھائی سال سے ایک دوسرے سے مل رہے تھے۔


نوواک جوکووچ


ٹینس کی دنیا پر چھائے سربیا کے نوواک جوکووچ نے ایک نجی تقریب میں اپنی گرل فرینڈ جلینا ریسٹک سے شادی کرلی۔ سربین میڈیا کے مطابق اس تقریب میں خاندان، دوستوں اور کچھ خاص مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا اور اسے میڈیا کی نظروں سے دور رکھا گیا تھا۔