• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:50pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:50pm

مووی ریویو: ایکشن جیکسن - اوٹ پٹانگ ایکشن ڈرامہ

شائع December 9, 2014

خیال تھا کہ ڈائریکٹر ساجد خان کی 'ہمشکلز' کے بعد بولی وڈ کا رواں سال کے لئے بے معنی ایکشن کامیڈی کا کوٹہ پورا ہو چکا ہوگا، لیکن سال ختم ہونے میں ابھی کچھ دن باقی ہیں اور بولی وڈ ایک اور بے سرو پا کہانی، غیر حقیقی ایکشن اور بھونڈے مزاح سے بھرپور ایکشن کامیڈی پیش کرنے میں کامیاب ہوگئی-

معروف کوریوگرافر اور ڈائریکٹر پربھودیوا کی نئی پیشکش 'ایکشن جیکسن' ہر لحاظ سے ایک مصالحہ مووی ہے جس میں مختلف بولی وڈ فلموں سے ادھار لیے گئے ایکشن سینز، ڈائیلاگ (حتیٰ کہ ون-لائنرز بھی) اور رومانس بھرے پڑے ہیں- کہنے کو تو 'ایکشن جیکسن' بولی وڈ ریلیز ہے لیکن اس پر ساؤتھ کا غلبہ زیادہ ہے، فلم کا اسکرین پلے کسی بے ترتیب پزل کی مانند ٹوٹا پھوٹا ہے-


پلاٹ


اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

فلم شروع ہوتی ہے ایک مرڈر سین سے، پھر اچانک سوئچ کرجاتی ہے مراقبے میں مصروف اجے / وشی (اجے دیوگن) کی طرف جو بظاہر دیکھنے میں خاصے نرم مزاج اور امن پسند ہیں- تھوڑی دیر ہم کردار کی سنجیدگی اور بردباری سے متاثر ہو ہی رہے ہوتے ہیں کہ اچانک اجے/وشی، ماردھاڑ، احمقانہ قسم کے ڈائیلاگ اور حرکتیں کرنا شروع کردیتا ہے-

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ابھی ہم اس کرتب بازی کو ہضم کر ہی رہے ہوتے ہیں کہ بیچ میں کود پڑتی ہیں خوشی (سوناکشی سنہا) جو باٹم لیس اجے دیوگن کو دیکھتی ہیں اور دیکھتی ہی رہ جاتی ہیں اور پھر کہانی اسی پر بس نہیں ہوتی وہ بار بار انہیں اسی حالت میں دیکھنا چاہتی ہیں اس کام کے لیے وہ اپنی چار سہیلیوں کی بھی مدد لیتی ہیں (جو معاملہ سیٹ ہوجانے کے بعد گدھے کے سر سے سینگ کی طرح کہانی سے آؤٹ ہوجاتی ہیں)-

کوئی ایک گھنٹے کی فلم اسی کھیل کھلواڑ میں گزرنے کے بعد اچانک ہمیں ایک سرپرائز ملتا ہے ..!! (وہ سرپرائز اس ریویو میں ڈسکلوز کرنا ٹھیک نہ ہوگا)- خیر ایک عدد کٹتے پھٹتے سروں اور ہوا میں اڑتے جسموں سے مزیّن ایکشن کے بعد فلم فلیش بیک میں چلی جاتی ہے وہاں ہمارا تعارف فلم کی دیگر کاسٹ سے ہوتا ہے اور اجے/وشی کی حقیقت سامنے آتی ہے- سیکنڈ ہاف میں مزید خون خرابہ، بھدے ڈائیلاگ ساتھ بھڑکیلا گلیمر اور ایک اوٹ پٹانگ انتقامی منصوبہ دیکھنے کو ملتا ہے-

فلم کا اسکرین پلے تو ویسے ڈھیلا ڈھالا ہے اس پر چوپٹ ایڈیٹنگ نے مزید ستیاناس کردیا ہے، دیکھنے والے کا زیادہ وقت کہانی کے تانے بانے جوڑنے میں ہی خرچ ہوجاتا ہے- کئی جگہوں پر اجے دیوگن، سلمان خان کی کاپی کرتے نظر آئے ہیں- فلم کا سگنیچر ڈانس سٹیپ، چلبل پانڈے کی نقل کرتا محسوس ہوا- اسی طرح اجے کا ون-لائنر 'پسند آیا تو دل میں، ورنہ دماغ میں بھی نہیں'، سلمان خان کے 'میرے بارے میں اتنا مت سوچو، دل میں آتا ہوں دماغ میں نہیں' سے خاصا ملتا جلتا ہے حتیٰ کہ ایک جگہ سلمان خان کے گھر کا ذکر بھی کیا گیا- کیا یہ کہا جاۓ کہ پربھو دیوا سلمان خان سے خاصے متاثر ہیں؟

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اس کے علاوہ اجے دیوگن بھی فلم میں ٹاپ لیس پوز کر کے دیگر بولی وڈ ایجنگ ہیروز کی طرح سکس پیک کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں اس پر بھی بس نہیں وہ بیک وقت تین ایکٹریسز سے رومانس کرتے دکھائے گئے ہیں- تینوں ہی ایکٹریسز اپنے کرداروں میں انتہا پسندی کا شکار رہیں ایک طرف سوناکشی ہیں جن پر بدقسمتی کے ساۓ چھاۓ رہتے ہیں۔

دوسری جانب یامی گوتم جن کا جنم صرف اور صرف ولنوں کی مار کھانے کے لئے ہوا ہے اور تیسری ہیں مانسوی مامگئی جو پرلے درجے کی نفسیاتی ہیں تینوں میں ایک ہی بات مشترک ہے کہ یہ سب ہیرو کے جسم پر زیادہ فریفتہ نظر آئیں- مانسوی کے علاوہ ایک اور منفی کردار اگزیویر (آنند راج) ہیں جو کانی آنکھ اور نارنجی رنگ کے لباس میں ملبوس چیلوں کے ہمراہ گینگسٹر کم اور مسخرے زیادہ لگتے ہیں (ان کا نام اور گنجا سر دیکھ کر، ایکس-مین کے پروفیسر چارلس اگزیویر نہ سمجھ بیٹھے گا)-

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

گانے حسب معمول پھکڑپن سے بھرپور ہیں البتہ کوریوگرافی داد طلب ہے اگر میوزیکل اسکور بہتر ہوتا تو مزید اچھی ہوتی- فلم میں اگر کوئی چیز توجہ طلب ہے تو وہ چند لمحوں کا سرپرائز ایلیمنٹ ہے-


آخری بات


اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ایکشن جیکسن رٹی رٹائی کہانی اور گھسے پٹے ڈائیلاگ کی مکس پلیٹ ہے- پربھو دیوا کو شاید خود بھی اس بات کا اندازہ تھا اسی لئے فلم پر زیادہ محنت نہیں کی گئی- تمام ڈیپارٹمنٹس میں تخلیقی کوشش کی سخت کمی نظر آتی ہے- اس فلم کو صرف پربھو دیوا اور اجے دیوگن کے ڈائی ہارڈ فین ہی پسند کر سکتے ہیں-


ایروز انٹرنیشنل اور بابا فلمز کی پیشکش 'ایکشن جیکسن' پانچ دسمبر، سال 2014 کو ریلیز ہوئی، فلم کی ڈائریکشن/اسکرین پلے پربھو دیوا کے ہیں جبکہ فلم کا دورانیہ تقریباً ڈھائی گھنٹے ہیں-

اسٹارنگ : اجے دیوگن، سوناکشی سنہا، یامی گوتم، مانسوی مامگئی، آنند راج، کنال رائے کپور-

ناہید اسرار

ناہید اسرار فری لانس رائیٹر ہیں۔ انہیں حالات حاضرہ پر اظہارخیال کا شوق ہے، اور اس کے لیے کی بورڈ کا استعمال بہتر سمجھتی ہیں- وہ ٹوئٹر پر deehanrarsi@ کے نام سے لکھتی ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2025
کارٹون : 23 اپریل 2025