فیصل آباد پہنچ کر ایف آئی درج کراؤں گا، عمران خان
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیرمین عمران خان نے آج فیصل آباد میں اپنے کارکنوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فیصل آباد پہنچ کرکارکن کے قتل کی ایف آئی آر درج کراؤں گا۔
پیر کو فیصل آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کے گلو بٹوں نے تیاری کرکے ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا۔
پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ فیصل آباد میں جوکچھ ہوا اس کے ذمہ دار رانا ثنا اللہ ہیں، 'ان کو نہ قانون کا پتا ہے اور نہ جمہوریت کا'۔
ان کا کہنا تھا کہ پُرامن احتجاج سارے پاکستانیوں کا حق ہے اور پُرامن احتجاج کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پریشر بڑھانے کے لیے حکومت نے اپنی طاقت دکھائی، لیکن پُرامن احتجاج پر گولیاں چلانا کہاں کی جمہوریت ہے۔
عمران خان کے مطابق جب تک مجرم کونہیں پکڑاجائےگا، تب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2013 میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے عمران خان نے پیر کو اپنے پلان سی کے پہلے مرحلے کے طور پر فیصل آباد بند کرانے کا اعلان کیا ہے جبکہ اس کے بعد کراچی اور لاہور کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو بند کرانا بھی ان کے پلان کا حصہ ہے۔
وزیراعظم نواز شریف سے استعفی کا مطالبہ کرنے والے پی ٹی چیئرمین عمران خان نے پنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ آج تین بجے گھنٹہ گھر پہنچیں گے۔