• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

جسٹس (ر) سردار رضا خان چیف الیکشن کمشنر مقرر

شائع December 4, 2014
بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے جسٹس ریٹائرڈ سرداررضا کے نام پر اتفاق کرلیا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ پشاور ہائی کورٹ ویب سائٹ
بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے جسٹس ریٹائرڈ سرداررضا کے نام پر اتفاق کرلیا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ پشاور ہائی کورٹ ویب سائٹ

اسلام آباد: جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کو چیف الیکشن کمشنر بنائے جانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جمعرات کو مستقل چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے لیے 12 کے لیے رکنی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے جسٹس ریٹائرڈ سرداررضا کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

بعدازاں صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی سفارش پرچیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی منظوری دی۔

جسٹس سردار رضا کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس کے بعد بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رفیق راجوانہ نے میڈیا بریفنگ کے دوران جسٹس (ر) سردار رضا کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کا متفقہ فیصلہ اتحاد و یگانگت کا بہترین مظاہرہ ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا نوٹیفکیشن آج شام تک جاری ہونے کا امکان ہے۔

بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی میں 6 حکومتی ممبران کےعلاوہ 3 پیپلز پارٹی کے ممبران جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا ایک ایک رکن شامل تھا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے لیے جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان، جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز اور جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان کے ناموں کا جائزہ لیا گیا اور قرعہ فال جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کے نام نکلا۔

یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ اس وقت خالی ہوا تھا، جب عام انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے الزامات پر ریٹائرڈ جسٹس فخرالدین جی ابراہیم نے گزشتہ برس رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس اہم عہدے پرتقرری کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں کئی ملاقاتیں ہوئیں، تاہم معاملہ جوں کا توں موجود رہا اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے امیدواروں کے ناموں کی فہرست بنتی بگڑتی رہی۔

اس سارے منظرنامے میں کئی امیدواروں کے نام سامنے آئے، لیکن کسی پر حکومت نے اعتراض کیا تو کسی کے سامنے اپوزیشن دیواربن کرکھڑی ہوگئی ۔

تاہم گزشتہ روز وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اس اہم عہدے کے لیے جسٹس سردارمحمد رضا، جسٹس طارق پرویزاورجسٹس تنویراحمد خان کے ناموں پر اتفاق کیا تھا۔


مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنرکیلئے 3 ناموں پر اتفاق


چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس سردار رضا خان دس فروری 1945 کو ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

28 اپریل 2000 میں انھیں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا، جبکہ 10 فروری 2002 میں انھیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ۔

سردار رضا خان سپریم کورٹ کے اُن ججوں میں شامل تھے، جنہیں سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف نے 2007 میں ایمرجنسی نافذ کرکے معزول کرنے کے بعد گھروں میں نظر بند کر دیا تھا۔

جسٹس سردار رضا خان 2009 میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر رہ چکے ہیں۔

جبکہ جون 2014 سے وہ وفاقی شریعت کورٹ کے جج کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

جسٹس سردار رضا خان سپریم کورٹ کے اُس بینچ میں بھی شامل رہے ہیں، جس نے اہم فیصلے کیے اور ان فیصلوں نے ملک کی موجودہ تاریخ میں اہم کردار ادا کیا۔

تبصرے (2) بند ہیں

muhammad nawaz khan Dec 04, 2014 12:59pm
ALLAH kry zor-e-bazoo or zyada Aammeenn
Fayzee Dec 04, 2014 03:47pm
Good he is not from Karachi therefore will be easy for him to carry out his duties.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024