مووی ریویو : اینابل - شیطانی گڑیا
ہوسکتا ہے ہارر - تھرلر موویز کے شائقین کو 'اینابل' کچھ خاص متاثر نہ کرسکی ہو کیونکہ یہ عام ہارر فلکس کی طرح نہ تو خون خرابہ دکھاتی ہے اور نہ ہی رات کے اندھیرے میں کونوں کھدروں سے نمودار ہوتے ہیبتناک بھوت پریت- بہرحال، سال 2013 کی مشہور ہارر - تھرلر 'کنجرنگ' کا پریکوئیل 'اینابل' سسپنس قائم کرنے میں اپنے پیشرو سے سبقت لے گئی ہے-
حالانکہ دیکھا جاۓ تو دونوں ہی فلموں میں تیز ساؤنڈ افیکٹ، جلتی بجھتی روشنیوں اور ادھر ادھر ہوا میں اڑتے سامان سے ماحول کو دہشتناک بنانے کی کوشش کی گئی ہے حتیٰ کہ اوپننگ سین بھی یکساں ہے- اسٹائل کے علاوہ دونوں فلموں کی تھیم بھی ایک ہی ہے، دونوں ہی فلموں میں شیطانی طاقتیں، انسانی روح حاصل کرنے کے درپے ہیں-
![]() |
اسکرین شاٹ |
تو پھر کیا چیز 'اینابل' کو کنجرنگ سے الگ کرتی ہے؟ سب سے پہلے پبلسٹی ---- اگر یہ کہا جاۓ تو غلط نہ ہوگا کہ اینابل کی پبلسٹی، کنجرنگ کے ساتھ ہی شروع ہوگئی تھی- کنجرنگ میں، اینابل کا ایک مختصر سا تعارف دے کر دیکھنے والوں کو پہلے ہی اس پورسلین کی بدصورت گڑیا کے لئے ذہنی طور پر تیار کرلیا گیا تھا تاکہ فلم کی پہلی خبر آتے ہی ہارر فلموں کے شوقین اسے دیکھنے کے لئے بیتاب ہوجائیں-
'Before Conjuring there was Annabelle' --- بلاشبہ یہ ایک اچھی پبلسٹی ٹِرک ہے- اینابل جس نے کنجرنگ میں ہی دیکھنے والوں کو اپنی شیطانیت کی جھلک دکھلا دی تھی بھلا لوگ اس کی کہانی جاننا کیوں نہ چاہیں گے-
![]() |
اسکرین شاٹ |
اینابل میں کوئی نیا ہارر اسٹنٹ نہیں دکھایا گیا سچ تو یہ ہے کہ فلم میں زیادہ تر سسپنس سیکوینس دوسری فلموں سے ادھار لئے گئے ہیں ویسے بھی عموماً تمام بھوت پریت پر مبنی فلموں میں ایک جیسے ہی مناظر دکھاۓ جاتے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ انہیں کس انداز میں پیش کیا جاتا ہے کہ دیکھنے والے یکسانیت کا شکار نہ ہوں اور ان کی دلچسپی شروع سے آخر تک قائم رہے-
فلم کے آغاز میں کاسٹ اور پس منظر تیار کرنے میں وقت ضائع نہیں کیا گیا- دہشت کا پہلا جھٹکا (زور دار ساؤنڈ افیکٹ کے ساتھ) جان اور میا فورم کے پڑوسی جوڑے ہیگنز کے قتل کی شکل میں لگتا ہے اور مخصوص وقفوں کے ساتھ یکے بعد دیگرے ایسے خوف کے جھٹکے دیکھنے والوں کو ملتے چلے جاتے ہیں، جس کا کریڈٹ جاتا ہے ڈائریکٹر جان آر. لیونتی اور سنیماٹوگرافر جیمزنیسٹ کو-
فلم کے قابل ذکر ہارر سین
![]() |
اسکرین شاٹ |
ذاتی طور پر مجھے 'اینابل' میں بیسمیںٹ لفٹ کا منظر سب سے زیادہ پسند آیا جس میں کئی بار کوشش کے باوجود مِیا فورم کی لفٹ ہر بار اسی منزل پر آکر رکتی ہے-
دوسرا سین، چھوٹی سی بچی کا مِیا فورم کے اپارٹمنٹ میں اچانک نمودار ہونا-
فلم کے منفی پہلو
![]() |
اسکرین شاٹ |
پورسلین کی بنی گڑیا پہلی نظر میں ہی اتنی کریہہ محسوس ہوتی ہے آخر کوئی کیوں اسے اپنی نومولود بچی کے کمرے میں رکھنا پسند کرے گا- (اصلی اینابل، فلمی اینابل سے کئی درجے بہتر ہے)-
آخر میں ایولین، مِیا کی جگہ خود اپنی جان قربان کردیتی ہے جبکہ اس سے پہلے یہی بتایا گیا ہے کہ ایولین خودکشی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی-
شیطانی گڑیا کے موضوع پر بنی مشہور ہارر فلم 'چکی' کے برعکس اینابل کسی شیطانی روح کے زیر اثر نہیں تھی اسی وجہ سے دیکھنے والوں کو قدرے مایوسی ہوئی-
نوٹ
اینابل نامی گڑیا پر بنائی گئی یہ فلم فکشنل ہے، اینابل دراصل پورسلین کی نہیں بلکہ کپڑے کی ایک گڑیا ہے- اس گڑیا کی کہانی پہلی بار تب منظر عام پر آئی جب ڈونا نامی ایک نرس نے پیرانارمل ریسرچرز ایڈ اور لورین وارن سے اس سلسلے میں رابطہ کیا تھا-