سکھر کے قریب ٹرالر اور بس میں ٹکر، 56 افراد ہلاک
سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے قریب مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم سے کم از کم 56 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان المناک حادثہ خیر پور میں ٹھیڑی کے قریب پیر منگیو کے مقام پر پیش آیا۔
موٹر وے پولیس کے مطابق سوات سے کراچی آنے والی بس تیز رفتاری اور اوورٹریکنگ کے باعث مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرائی اور اُلٹ کر سڑک سے نیچے جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ زخمیوں کو ایدھی رضاکاروں، موٹروے پولیس اور مقامی افراد نے سکھر اور خیرپور کے اسپتالوں میں منتقل کیا۔
سینئر پولیس افسر ناصر آفتبا نے اے ایف پی کو بتایا کہ سوات سے کراچی جانے والی مسافر بس کے ڈرائیور نے اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں بس دوسرے ٹریک پر لی جو سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 56 افراد ہلاک ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 18 مسافر زخمی بھی ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں 17 خواتین اور 18 بچے بھی شامل ہیں۔
سول ہسپتال خیرپور کے ایم ایس جعفر سومرو نے بتایا کہ اب تک کم از کم 50 لاشیں ہسپتال منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ 18 افراد زخمی ہیں جن میں سے تین کی ہلاکت تشویشناک ہے۔
حادثے کے بعد سول اسپتال سکھر اور قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں بس میں آگ لگنے کے باعث ہوئیں اور ٹرالر کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی جبکہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثہ رات کو ساڑھے چار بجے کے قریب پیش آیا جبکہ حادثے کے وقت نیشنل ہائی وے پر دھند چھائی ہوئی تھی ۔
صدر مملکت ممنون حسین، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت متعدد رہنماؤں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔