• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

غازی رشید قتل کیس:مشرف کی استثنیٰ کی درخواست مسترد

شائع November 8, 2014
اسلام آباد کی لال مسجد کے سابق مہتمم غازی عبد الرشید ۔۔۔۔ فائل فوٹو
اسلام آباد کی لال مسجد کے سابق مہتمم غازی عبد الرشید ۔۔۔۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزم کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

آئی جی اسلام آباد کو پرویز مشرف کی سیکورٹی فراہمی سے متعلق ان کے وکلاء کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کی۔

ایس ایچ او تھانہ آب پارہ نے سابق صدر کی سیکورٹی سے متعلق جواب عدالت میں جمع کرایا، جس میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کی جانب سے سکیورٹی کے لیے آئی جی اسلام آباد کو درخواست نہیں دی گئی اگر پرویز مشرف سیکورٹی کے لیے درخواست دیں تو پولیس انہیں مکمل سیکورٹی فراہم کرسکتی ہے۔

مدعی مقدمہ ہارون الرشید کی جانب سے عبدالحق ایڈووکیٹ، پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ جبکہ حکومت کی جانب سے ملک عبدالحسیب عدالت میں پیش ہوئے۔

اختر شاہ نے پرویز مشرف کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے سابق صدر کو 4ہفتےْ تک سفر کرنے سے منع کیا ہے، پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

اختر شاہ کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کے خلاف ایک اور مقدمے کے لیے درخواست بھی عدالت میں زیر سماعت ہے،آئی جی اسلام آباد نے پرویز مشرف کو سیکورٹی دینے سے متعلق باقاعدہ آگاہ نہیں کیا۔

مدعی مقدمہ کے وکیل عبدالحق نے کہا کہ ملزم پرویز مشرف گزشتہ 21سماعتوں سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، ہر مرتبہ میڈیکل رپورٹ کے ساتھ استنثیٰ کی درخواست دائر کر دی جاتی ہے، ضمانت خارج کر کے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے پرویز مشرف کے دونوں ضمانتیوں کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزم کو ہر صورت پیش کیا جائے۔

عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو پرویز مشرف کی سیکورٹی فراہمی سے متعلق ان کے وکلاء کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

غازی عبدالرشید قتل کیس کی آئندہ سماعت 6دسمبر کو ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024