مووی ریویو : سپر نانی - ناکام گھریلو ڈرامہ
دنیا کی ایک کثیر آبادی بنا کسی تنخواہ ، مراعات یا کریڈٹ کے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتی ہے اس مخصوص گروپ کو گھریلو خواتین عرف عام میں 'ہاؤس وائف' کہا جاتا ہے- یہ وہ خواتین ہیں جو پیا دیس سدھارنے کے بعد اپنی شخصیت، تعلیم حتیٰ کہ خودداری تک تیاگ کر پوری زندگی اپنے گھر کو جنّت بنانے میں گزار دیتی ہیں ان سب کے باوجود اانہیں وہ مقام اور عزت حاصل نہیں ہوپاتا جو ان کا حق ہے-
![]() |
اسکرین شاٹ |
سماجی پیغام پر مبنی اندرا کمار کی پروڈکشن / ڈائریکشن 'سپر نانی' سوسائٹی کو بتاتی ہے کہ ایک عام گھریلو عورت اپنی پہچان مٹا کر خود کو گھر گرہستی کے لئے وقف کرسکتی ہے تو وقت آنے پر پوری دنیا میں خود کو منوا بھی سکتی ہے اور اس کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں- بہرحال، شور شرابے، اوورایکٹنگ سے مزیّن، فیملی میلوڈرامہ 'سپر نانی' کا موضوع تو منفرد تھا مگر جب بات اس سنجیدہ پیغام کو پبلک کے سامنے ڈیلیور کرنے کی آئی تو سپر نانی کی پوری ٹیم کی بھرپور کوشش سے یہ موضوع ایک لطیفہ بن کر رہ گیا-
گجراتی سیریل سے ماخوذ، کم و بیش ڈھائی گھنٹے پر مشتمل یہ فلم ایک فیملی ڈرامے کو کامیاب مووی بنانے میں ناکام رہی- وجہ؟ کمزور اسکرپٹ و ڈائریکشن، ایوریج پرفارمنس- ریکھا، رندھیر کپور اور انوپم کھیر جیسے کہنہ مشق اداکاروں کی موجودگی کے باوجود سواۓ اوپننگ سین اور چند طنزیہ لمحات کے فلم میں کچھ بھی قابل تعریف نہیں-
پلاٹ
![]() |
اسکرین شاٹ |
کہانی ایک پختہ عمر کی دیسی ہاؤس وائف (ریکھا) کی ہے- واجبی سی تعلیم یافتہ بھارتی، کہنے کو تو ایک سی ای او آر. کے. بھاٹیہ (رندھیر کپور) کی بیوی ہے لیکن حقیقت میں اس کی حیثیت گھر کی خادمہ جیسی ہے جس کا اصل مقام نئے زمانے کے شوہر صاحب کے مطابق کچن ہے- مزے کی بات یہ کہ اسی گھر میں دو اور خواتین موجود ہیں لیکن ان کا اسٹیٹس بھارتی سے یکسر مختلف ہے- صاف پتا چلتا ہے کہ بھارتی کی کم تعلیم اور سادگی اس کے اس حال کی ذمہ دار ہے-
![]() |
اسکرین شاٹ |
بہرحال، بھارتی (اپنے نام کی طرح ایک آدرشوادی ہندوستانی ناری کی حیثیت سے، ماتھے پر موٹا موٹا سندور سجاۓ) دن رات اپنی ناقدری کا دکھ سہتی رہتی ہے مگر اف تک نہیں کرتی کہ ایک دن ولایت سے نواسہ من مہرہ (شرمن جوشی) رحمت کا فرشتہ بن کر آتا ہے اور اپنی نانی کے ساتھ روا غیرانسانی سلوک دیکھ کر اس کی مدد کرنے کی ٹھانتا ہے اور اس طرح تھوڑے سے مسکارا، لپ اسٹک اور اسٹائلش لباس کے اضافے کے ساتھ بھارتی، نانی سے بن جاتی ہے سپر نانی (دوسرے لفظوں میں سپر ماڈل) اور اس کے ناقدرے گھر والے منہ دیکھتے رہ جاتے ہیں-
![]() |
اسکرین شاٹ |
پروڈیوسر/ڈائریکٹر اندرا کمار نے دیکھنے والوں کو ایک بار پھر تیس سال پہلے کا زمانہ یاد دلانے کی کوشش کی ہے جب گھریلو نوعیت کے سماجی ڈرامے پسند کیے جاتے تھے، ایسی موویز کا موضوع زیادہ تر خاندانی اقدار ہوتا تھا- اس کوشش کو ہلکے پھلکے مزاحیہ انداز میں پیش کرنے کی کوشش میں مووی میں موجود ہر کردار مسخرہ بن کر رہ گیا ہے- میوزیکل اسکور اور ڈائیلاگ بے جان ہیں جبکہ زیادہ تر شوٹنگ بھاٹیہ خاندان کے ڈرائنگ روم تک محدود رہی جہاں کوئی بھی کسی بھی وقت آدھمکتا ہے-
اگر یہ کہا جاۓ تو غلط نہ ہوگا کہ 'سپر نانی' ریکھا کی فلم ہے جو صرف اور صرف ریکھا کے لئے بنائی گئی ہے- باقی تمام کرداروں کی حیثیت ثانوی بھی نہیں ہے- فلم میں ریکھا ماضی کی معروف اداکاراؤں کی نقل اتارتی بھی دکھائی گئیں- اپنے وقت کی انڈین فلم انڈسٹری کی مشہور اداکار دیکھنے والوں کو یہ باور کرانا چاہتی ہیں کہ آج بھی وہ کسی سے کم نہیں، آج بھی وہ کروڑوں دلوں پر راج کرتی ہیں-
![]() |
اسکرین شاٹ |
بلاشبہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ریکھا جی کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بولتا ہے- بہرحال، سوال یہ اٹھتا ہے کہ سنہ 1987 کے مشہور فیملی ڈرامہ 'سنسار' کے بعد آخر ریکھا کو 'سپر نانی' میں ایسا کیا دکھا جو انہوں نے اس میں کام کرنے کی حامی بھر لی-
![]() |
اسکرین شاٹ |
فلم کے دوسرے مرکزی اداکار شرمن جوشی نے ریکھا کے ولایت پلٹ نواسے کا کردار ادا کیا ہے جو دیسی ولایتیوں کے برعکس اپنے دیش کی روایات سے زیادہ واقف ہیں- فلم کے دوران شرمن کا زیادہ دھیان غلط سلط ہندی بولنے میں لگا رہا ویسے ان کے لئے کرنے کو کچھ زیادہ تھا بھی نہیں، دوسری جانب شرمن جوشی کے مقابل ریا کا کردار ادا کرنے والی شویتا کمار زبردستی کا اضافہ لگیں جنہیں صرف ڈانس کرنے اور ایک رومانٹک گانے کے لئے بھرتی کیا گیا- دیگر نمایاں اداکاروں میں انوپم کھیر اور رندھیر کپور دونوں ہی اپنے کردار کے حوالے سے سنجیدہ دکھائی نہیں دیے-
آخری بات
![]() |
اسکرین شاٹ |
اندرا کمار کی 'سپر نانی' کا موضوع اور پیغام دونوں ہی منفرد ہیں لیکن اسے پیش کرنے کے لئے مخلصانہ کوشش کی کمی رہی جس کی بنا پر فلم کوئی خاص تاثر نہیں چھوڑ سکی- گھریلو خواتین کے موضوع پر انڈین فلم انڈسٹری میں بننے والی انگلش ونگلش اور کوئین جیسی فلموں کے بعد، 'سپر نانی' ایک بھدا مذاق محسوس ہوتی ہے-
تقریباً ڈھائی گھنٹے کی یہ مووی نمٹانے کے لئے دیکھنے والے کو ریکھا کا ڈائی ہارڈ فین ہونا ضروری ہے جو ہر حال میں اپنی پسندیدہ اداکار کو اسکرین پر دیکھنا چاہے گا-
اسٹارنگ: ریکھا، رندھیر کپور، انوپم کھیر، شرمن جوشی-
تبصرے (1) بند ہیں