• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈرامہ ریویو: فراق

شائع October 25, 2014

صنف نازک کو رب نے محبّت حساسیت اور نرم مزاج کے پیکر کی صورت میں تخلیق کیا ہے تاکہ وہ رشتوں کو سنوارے اور خوبصورت بنائے۔

چاہے وہ رشتہ جیون ساتھی کا ہو یا ماں کا عورت ہر رشتے کو محبّت سے سجاتی ہے اور بدلے میں وہ کچھ نہیں چاہتی بس تھوڑی سی وفا۔

اگر اپنی بے لوث محبت کا صلہ اسے بے وفائی کی شکل میں ملے تو اس کے سارے نرم و لطیف جذبات ایک ابلتے لاوے کی صورت اختیار کرلیتے ہیں، ایک ایسا لاوا جو نہ صرف اس کی ذات بلکہ اس سے منسلک لوگوں کی زندگیوں کو بھی تباہ کر دیتا ہے۔

ڈرا مہ سیریل فراق کی کہانی بھی کچھ ایسی ہی ہے جس میں ایک بے وفائی کی سزا پورے خاندان کو بھگتنی پڑتی ہے۔

عظمیٰ گیلانی ڈرامے کے ایک سین کے دوران
عظمیٰ گیلانی ڈرامے کے ایک سین کے دوران

تبسم (عظمیٰ گیلانی) جنھیں ماں جی کہہ کر پکارا جاتا ہے امریکا میں رہائش پذیر ہیں اور ایک ہوٹل کی مالکن بھی ہیں، ان کے دو بچےشمس(جنید خان) اور پیمان (صنم سعید) ہیں-

اپنے شوہر کے ناجائز تعلقات کا سچ جاننے کے بعد عظمیٰ گیلانی حیدر (مظہر علی) سے دوسری شادی کرلیتی ہیں اور یہ خبر شمس پر بجلی بن کر گرتی ہے اور وہ اسے سن کر گھر چھوڑ کر چلا جاتا ہے اور اپنی ماں سے شدید نفرت کر نے لگتا ہے-

صیبل چودھری ڈرامے کے ایک منظر میں
صیبل چودھری ڈرامے کے ایک منظر میں

ڈرامے کی کہانی کے اس موڑ پر شمس اس شرط پر سارہ (صیبل چودھری) سے شادی کرتا ہے کہ وہ بچوں کو پسند نہیں کرتا اور سارہ کبھی ماں نہیں بنے گی۔

تاہم شادی کے تین سال بعد سارہ کے دل میں شدت سے ماں بننے کی خواہش پیدا ہوتی ہے تاہم شمس کی شرط کے باعث وہ ذہنی پریشانی کا شکار ہوجاتی ہے، اسی دوران سارہ کی ملاقات ایک پرانے دوست رومی (نور) سے ہوتی ہے جو اسے ایک نفسیاتی ڈاکٹر امروس (محب مرزا) سے ملواتا ہے۔

رومی اور امروس ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہوتے ہیں اور رومی کے ذریعے امروس, سارہ اور اس کے شوہر سے ملتا ہے-

صنم سعید اور محب مرزا ڈرامے کے ایک سین میں
صنم سعید اور محب مرزا ڈرامے کے ایک سین میں

ادھر ماں جی کی بے جا سختی سے تنگ آکر پیماں گھر چھوڑ کر اپنے بھائی شمس کے پاس آجاتی ہے وہاں اس کی ملاقات رومی اور امروس سے ہوتی ہے۔

امروس پیمان کو پسند کرنے لگتا ہے اور شادی کی دعوت دیتا ہے جسے پیمان قبول کرلیتی ہے مگر سارہ نہیں چاہتی کہ پیمان امروس سے شادی کرے کیوں کہ وہ اس کا نفسیاتی ڈاکٹر رہ چکا ہوتا ہے اور اسے ڈر ہوتا ہے کہ کہیں امروس یہ راز پیمان کے سامنے نہ کھول دے۔

کہانی میں ٹوئیسٹ اس وقت آتا ہے جب سارہ کوشش کرتی ہے کہ پیمان کی شادی امروس کی بجائے رومی سے ہوجائے، حالانکہ وہ اس وقت بات سے واقف ہوتی ہے کہ پیمان اور امروس ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور شادی کرنا چاہتے ہیں۔

اپنی بھابھی کی پیدا کردہ غلط فہمیوں اور سازشوں سے تنگ آکر پیمان اس کا گھر بھی چھوڑ دیتی ہے اور امروس کو فوراً شادی کرنے کا بولتی ہے-

اب یہ کہانی انتہائی دلچسپ موڑ پر کھڑی ہے اور دیکھنے والوں کو اندازہ بھی نہیں کہ اس میں کیا نئے موڑ آسکتے ہیں اور وہ مسلسل اندازے لگا رہے ہیں کہ ڈرامے میں آگے کیا ہوتا؟ کیا پیمان کی شادی امروس سے ہوتی ہے اور اگر ہوتی ہے تو کتنی کامیاب رہتی ہے؟

رومی کیا واقعی پیمان کو پسند کرتا ہے؟ کیا اس بات سے رومی اور امروس کی دوستی پر کوئی فرق پڑے گا؟

کیا سارہ ماں بن سکے گی؟ کیا ماں جی اپنے شوہر کی بے وفائی معاف کر کے دوبارہ اپنے گھر کو جوڑ سکیں گی ؟ یہ سب جاننا باقی ہے.....


اس ڈرامے کی کاسٹ فنکاروں کا بہترین امتزاج ہے، کافی عرصے بعد ڈرامے میں عظمیٰ گیللانی کو دیکھنا ان کے شائقین کے لئے بہت خوشی کا باعث ہے اس کے ساتھ ساتھ ڈرامہ عروسہ سے مقبولیت پانے والے مظہر علی کو بھی لوگ بہت عرصے بعد ٹی وی اسکرین پر دیکھ رہے ہیں۔

اس ڈرامے کی کہانی مصطفیٰ آفریدی کی ہے جبکہ ہدایات عابس رضا نے دی ہیں اور اس کی پروڈکشن مومنہ درید کی ہے۔

یہ ڈرامہ ہر ہفتے کی شب آ ٹھ بجے ہم ٹی وی پر نشر ہوتا ہے اور اب تک اس کی سات قسطیں نشر کی جا چکی ہیں-

نبیہہ رضوی
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ms Lashari Oct 27, 2014 12:45pm
Dear Writer, Amroz aur Payman already Niakh kar chukay hyn? BTW very nice TV Serial. i like Uzma Gillani's Role the most. she is perfect actress. And also good to see Mazhar Ali after loong time.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024