ایرانی فوج کے حملے میں پاکستانی اہلکار ہلاک، تین زخمی
تربت: ایرانی فورسز نے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا ہے جس سے ایک صوبیدار ہلاک اور کم از کم تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ایران کے 30 اہلکار جمعہ کو پاکستانی حدود میں دو کلومیٹر تک اندر آئے اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔
حملے میں ایک صوبیدار ہلاک اور کم از کم تین اہلکار زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی فورسز نے نوکنڈی کے رہائشویں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
ایف سی اور محکمہ داخلہ نے سرحدی خلاف ورزیوں سے محکمہ خارجہ کوآگاہ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران نے پاکستان میں کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
ایران نے خبردار کیا تھا کہ اگر پاکستانی حکومت نے اپنی سرزمین کو شدت پسندوں سے محفوظ بنانے کے لیے ان کے خلاف کارروائی نہ کی تو ایران پاکستانی علاقے میں ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایران اور پاکستان کے درمیان سرحد پر رواں سال چھ فروری کو ایرانی محافظوں کے اغوا اور ان میں سے ایک کی ہلاکت کے بعد ایران نے پاکستان سے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اس طرح کے حملے نہ بند ہوئے تو پاکستانی علاقوں میں فوج بھیجی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق ’باغیوں‘ کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں دو ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق جھڑپ میں متعدد ’باغی‘ مارے گئے جبکہ فوجی حکام نےایک گاڑی اور ہتھیار اپنے قبضے میں لے لیے۔
تبصرے (4) بند ہیں