• KHI: Fajr 5:49am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:29am Sunrise 6:56am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:49am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:29am Sunrise 6:56am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

وکیپیڈیا پر پاکستان کی "کم" موجودگی

شائع October 26, 2014
پاکستان میں زیادہ تر لوگوں کو یہ بات معلوم ہی نہیں کہ وہ بھی وکیپیڈیا پر آرٹیکل لکھ سکتے ہیں، یا ایڈیٹ کر سکتے ہیں۔
پاکستان میں زیادہ تر لوگوں کو یہ بات معلوم ہی نہیں کہ وہ بھی وکیپیڈیا پر آرٹیکل لکھ سکتے ہیں، یا ایڈیٹ کر سکتے ہیں۔

بہت کم ہی پاکستانی اس حقیقت کو جانتے ہیں کہ ان کے پاس موجود معلومات کس قدر اہمیت کی حامل ہے۔

آپ جو بھی کچھ جانتے ہیں، اسے انٹرنیٹ کے ذریعے ہزاروں لوگوں تک پہنچایا جاسکتا ہے، جو لاتعداد زندگیوں اور واقعات پر اثرانداز ہوسکتا ہے، جبکہ اس سے پاکستانی ٹاپکس کے حوالے سے دنیا بھر میں آگاہی پھیلائی جاسکتی ہے۔

اور یہ کام آج کے دور میں سب سے زیادہ آسانی سے وکیپیڈیا کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔

وکیپیڈیا، جو ایک آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے، تقریباً ہر ٹاپک پر معلومات حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے، اور اس کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ مفت ہے، نان کمرشل ہے، اور تقریباً ہر ممکن سبجیکٹ پر اتھارٹی کا درجہ رکھتی ہے۔ دنیا کی تقریباً 300 زبانوں میں دستیاب یہ انسائیکلوپیڈیا دنیا بھر کے لوگوں کو ان کی زبانوں میں معلومات فراہم کرنے کا عزم لیے ہوئے ہے۔

لیکن وکیپیڈیا بھلے ہی بے پناہ وسعت کا حامل ہے، پر اس پر کام اب بھی جاری ہے۔

کیا آپ نے وکیپیڈیا کے لوگو، جو دنیا کی شکل کا ہے، میں غیر مکمل پزل نہیں دیکھا؟ یہ لوگو غیر مکمل پزل کی شکل کا اسی لیے ہے، کہ وکیپیڈیا اب بھی نامکمل ہے۔ بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ یہ ویب سائٹ ابھی صرف شروعاتی مراحل میں ہے، تو غلط نہیں ہوگا، اور اسے مکمل ہونے میں شاید آئندہ کئی دہائیاں درکار ہوں گی۔

پاکستان کے 3 کروڑ انٹرنیٹ صارفین میں وکیپیڈیا بہت مشہور ہے۔ ہم میں سے لاکھوں لوگ اسے روزانہ وزٹ کرتے ہیں۔ لیکن وکیپیڈیا سے ہمارے اس لگاؤ کے باوجود اس ویب سائٹ پر پاکستان سے متعلق مضامین بہت تھوڑی تعداد میں ہیں۔

ہر ماہ انگلش وکیپیڈیا میں دنیا بھر سے 30 لاکھ ایڈیٹنگ کی جاتی ہیں، جن میں سے صرف 8000 پاکستان سے ہوتی ہیں۔

کیوں؟ کیونکہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ وہ بھی وکیپیڈیا میں آسانی سے تعاون کرسکتے ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان دنیا کے دوسرے ممالک سے کافی پیچھے ہے۔ پاکستان سے متعلق وکیپیڈیا پر 20،000 کے قریب آرٹیکل موجود ہیں، جن میں سے 50 سے بھی کم اچھی کوالٹی کے قرار دیے جاسکتے ہیں۔

زیادہ تر آرٹیکل بہت چھوٹے ہیں، ٹھیک سے لکھے نہیں گئے، جبکہ ان میں متوازن اور قابلِ بھروسہ معلومات کی بھی کمی ہوتی ہے۔ دوسری جانب سب سے اچھے لکھے گئے آرٹیکلز کے پڑھنے والے بھی اسی حساب سے زیادہ تعداد میں ہیں۔ "پاکستان" پر آرٹیکل دنیا بھر سے ہر سال تقریباً 30 لاکھ لوگ پڑھتے ہیں۔

اس کے علاوہ زبان کا بھی مسئلہ درپیش ہے۔ ہمارے ملک کے زیادہ تر انٹرنیٹ صارفین وکیپیڈیا انگلش میں استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اردو وکیپیڈیا بھی مشکلات کا شکار ہے۔ پاکستان بھر سے وکیپیڈیا کے تمام وزٹس کا صرف ایک فیصد ہی اردو وکیپیڈیا پر جاتا ہے۔ زیادہ تر ایڈیٹنگ پاکستان سے باہر موجود لوگ کرتے ہیں، حالانکہ یہ ظاہر ہے کہ پاکستان میں موجود لوگوں کو ملک کے بارے میں زیادہ تفصیلی اور صحیح معلومات ہوں گی۔

اس کے مقابلے میں انڈیا سے متعلق آرٹیکلز زیادہ بہتر انداز میں اور تفصیل سے لکھے ہوئے ہیں۔

انڈیا میں موجود وکیپیڈیا کے ایڈیٹرز نے اپنے ملک کو انٹرنیٹ پر پاکستان سے زیادہ نمایاں کر رکھا ہے۔ مثال کے طور پر 2008 کے ممبئی حملوں سے متعلق وکیپیڈیا پر ایک درجن سے زیادہ آرٹیکلز موجود ہیں، جبکہ 18 اکتوبر 2007 کے کراچی حملے سے متعلق صرف ایک آرٹیکل موجود ہے، اور وہ بھی بہت چھوٹا لکھا ہوا ہے۔ حالانکہ دونوں واقعات میں ایک ہی جیسے نقصانات ہوئے ہیں۔

پاکستان کے شمال مغرب میں جاری حالیہ جنگ، جس کے پس منظر کے طور پر 50،000 سے زائد سویلین اموات اور بہت کچھ ہے، کی کوریج سب سے زیادہ غیر تسلی بخش ہے۔

یہ بات دھیان میں رکھیے، کہ یہ وکیپیڈیا کی غلطی نہیں ہے۔ مسئلہ ہمارے، یعنی ہم پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کے ساتھ ہے جو ملک کے کلچر، تاریخ، لوگوں، اور جیوگرافی کے بارے میں سب سے بہتر معلومات رکھتے ہیں، لیکن اپنی معلومات شیئر کرنے کے لیے قدم نہیں بڑھاتے۔

وکیپیڈیا پر موجود تمام آرٹیکلز دنیا کے تمام ملکوں میں موجود اس کے صارفین کی وجہ سے ہیں۔ مجھ جیسے آپ جیسے لوگ، جو اسے بہتر بنانے کے لیے مفت میں اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں۔

اور ایسا اس لیے کیا جاتا ہے، کیونکہ انہیں "مفت معلومات سب کے لیے" کے نظریے سے محبت ہے، اور اس لیے کہ وکیپیڈیا پر کوئی بھی انٹرنیٹ صارف ایڈیٹنگ کرسکتا ہے۔

میں تمام پاکستانیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس عالمی پراجیکٹ میں حصہ لیں، اپنی معلومات کو دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچائیں، تاکہ دنیا ہمارے ملک کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جان سکے۔

کس آرٹیکل میں تعاون کرنا ہے، اس کا فیصلہ آپ کریں گے، لیکن شرط یہ ہے کہ معلومات درست اور متوازن ہونی چاہیئں۔ اگر آپ مدد حاصل کرنا چاہیں، تو کمیونٹی میں موجود ممبران آپ کی مدد کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔

مفت معلومات، اور پاکستان کے متعلق معلومات کو انٹرنیٹ پر ڈال کر محفوظ کردینا ایک اہم پراجیکٹ ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اور اگر آپ بھی مفت میں اس پراجیکٹ کا حصہ بن سکتے ہیں، تو پھر یہ کام نہ کرنے کے لیے کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔

اگر آپ کو معلومات شیئر کرنا پسند ہے، یا آپ وکیپیڈیا پر پہلے سے موجود کسی آرٹیکل کے مواد سے مطمئن نہیں ہیں، تو پلیز آپ وکیپیڈیا جوائن کریں، اور خود یہ کام کر ڈالیں۔ آپ یہ رجسٹر ہوئے بغیر بھی کرسکتے ہیں، لیکن رجسٹریشن فوری، پرائیویٹ، اور آسان ہے، اور اس کے ذریعے آپ دنیا بھر میں موجود ایڈیٹرز سے باآسانی رابطہ بھی کرسکتے ہیں۔

یہ ایک اچھی سماجی اور تعلیمی ایکٹیویٹی ہوسکتی ہے، اور پاکستان کے بارے میں درست انفارمیشن دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے اس سے بہتر ذریعہ کوئی نہیں ہوسکتا۔

انگلش میں پڑھیں۔

ثاقب قیوم چوہدری

لکھاری وکیپیڈیا کے رضاکار ایڈیٹر، اور پاکستان میں وکیپیڈیا کے افیلیٹ نمائندے ہیں۔ ان سے [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ وہ ٹوئٹر پر WikimediaPK@ کے نام سے لکھتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024