عمران خان کے گھر کی بجلی کٹ گئی
اسلام آباد: اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں واقع رہائش گاہ کی بجلی کاٹ دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کرنے والے پی ٹی آئی چیف عمران خان نے بنی گالہ میں واقع اپنی رہائش گاہ کا بل جمع نہیں کرایا۔
یہی وجہ ہے کہ عدم ادائیگی پر آئیسکو حکام نے ان کی رہائش گاہ کی بجلی منقطع کردی۔
عمران خان کے گھر پر بجلی کے تین میٹر نصب ہیں، جن میں سے دو میٹر اُن کے گھر کے ہیں، جبکہ ایک میٹر ٹیوب ویل کا ہے۔
گزشتہ ماہ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ عمران خان سول نافرمانی تحریک کے اعلان کے باوجود اپنی بنی گالہ کی رہائش گاہ کے بجلی کے بل جمع کروا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان نے بجلی کا بل جمع کروانا بند کردیا
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی سربراہ نے ماہ اگست کے لیے سترہ اور تیرہ ہزار روپے کے دو بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی بغیر ادائیگی کے بجلی سپلائی نہیں کی جاسکتی اور ڈیفالٹرز کے کنکشن منقطع کردیئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے اٹھارہ اگست کو سول نافرمانی کی کال دیتے ہوئے عوام سے بلوں اور ٹیکسوں کو ادا نہ کرنے کا کہا تھا تاکہ حکومت کو تحریک انصاف کے مطالبات ماننے کے لیے مجبور کیا جاسکے۔