ملک میں پولیو کے مزید پانچ نئے کیس سامنے آگئے
اسلام آباد : قومی ادارہ صحت کی پولیو وائرولوجی لیبارٹری میں بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کردینے والے اس مرض کے مزید پانچ کیسز کی تصدیق کردی گئی۔
وزیراعظم کی پولیو مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈنیشن سیل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ دو کیس فاٹا، دو خیبرپختونخوا اور ایک بلوچستان سے سامنے آیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے دو سالہ جان سید ولد جاندار خان اس مرض کے باعث زندگی بھر کے لیے مفلوج ہوگیا، اسی طرح شمالی وزیرستان کی تحصٰل میرعلی کے گاﺅں نورخیل کا رہائشی سولہ ماہ کا حمید ولد میر تاج، بنوں کے گاﺅں جندو خیل کا پندرہ ماہ کا مروان ولد محمد ولی، ٹانک کی یونین کونسل گڑا بلوچ کا ایک سالہ شوکت اللہ ولد آفتاب محسود اور کوئٹہ کی یونین کونسل تیرہ ڈی سے تعلق رکھنے والے بارہ ماہ کا گل محمد ولد عبدالنبی پولیو کا شکار ہوا۔
خیال رہے کہ رواں برس اب تک 143 کیسز کا اندراج ہو چکا ہے جس میں فاٹا سرفہرست ہے جہاں 104 بچوں میں پولیو کی تشخیص ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا میں 25، سندھ میں 11 ، بلوچستان میں دو جبکہ پنجاب میں ایک کیس سامنے آیا۔
ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر کے لیے پولیو ویکسین کی شرط بھی عائد کی جا چکی ہے۔