اسلام آباد دھرنوں کے خلاف وکلاء کی ملک گیر ہڑتال
اسلام آباد: پاکستان بار کونسل کی کال پر جمہوریت اور پارلیمنٹ سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنوں کے خلاف ملک بھر میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے۔
نمائندہ ڈان ڈاٹ کام توقیر گھمن کے مطابق جمعرات کو لاہور میں آل پاکستان وکلاء نمائندہ ایسوسی ایشن کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت لاہورہائی کورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان کریں گے۔
اجلاس میں ملک بھر کی وکلاء ایسوسی ایشن کے سربراہان شرکت کریں گے۔
توقیر گھمن کے مطابق جمعرات کو دس بجے لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے کراچی شہداء ہال میں ہونے والے اس اجلاس میں اس طرح کے دھرنوں کے خلاف لائحہ عمل بھی طے کیا جا ئے گا۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق اسلام آباد دھرنوں کے خلاف پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء بھی آج ہڑتال کررہے ہیں، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بھی وکلاء تنظیمیں عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کر رہی ہیں۔
وکلاء کے مطابق ان کی یہ ہڑتال جمہوریت کی بقا کے لیے کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان بار کونسل کے نائب چیئرمین محمد رمضان چوہدری، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران مرتضیٰ، سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر، پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ابرار حسن، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر یاسین آزاد اور دیگر نے ایک اجلاس کے دوران جمعرات کو عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
اجالس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ عدالتوں کو خودمختار اور غیر جانبدار ہونا چاہیٔے۔
تبصرے (1) بند ہیں