پاکستان کے بہترین ملی نغمے
اگست کا مہینہ ہر پاکستانی کے لیے اہمیت کا حامل ہے 14 اگست 1947 کو ہمارا پیارا ملک پاکستان بنا اور آزادی کا یہ دن پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
ہر شعبے کے لوگ اپنی خوشیوں میں اپنی ہمت کے مطابق حصہ ڈالتے ہیں، اسی طرح ہمارے شاعر اپنی شاعری کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے متعدد نغمے پرنٹ میڈیا میں اخبارات وغیرہ کی زینت بنتے ہیں اور کچھ نغموں کی ہمارے موسیقار بڑی محنت اور محبت سے دھنیں بناتے ہیں اور گلوکار اپنی آواز کا جادو جگا کر ان ملی نغموں کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتے ہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ دنیا میں کسی بھی ملک میں اتنے زیادہ ملی نغمے نہیں بنتے جتنے ہمارے ملک پاکستان میں بنتے ہیں ایسی ایسی کمال کی صدا بہار دھنیں جو پیدائشِ پاکستان سے لے کر آج تک کانوں میں رس گھول رہی ہیں۔
ڈان نے بھی چند ایسے ہی سدا بہار ملی نغموں کا انتخاب کر کے سب سے بہترین کے انتخاب کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر سروے کرایا جس میں استاد امانت علی خان کی لازوال آواز میں گایا گیا اے وطن پیارے وطن ہر دور کا سب سے بہترین ملی نغمہ قرار پایا ہے۔
###اے وطن پیارے وطن
ستر فیصد افراد نے ہر دور کے اس مقبول نغمے کو سب سے بہترین ملی نغمہ قرار دیا اور حب الوطنی کا جوش جگاتا یہ نغمہ نمبر ون قرار پایا۔
###یہ وطن تمہارا ہے
اسی طرح مہدی حسن کی جادوئی آواز سے سجا یہ وطن تمہارا ہے، اس دوڑ میں 'اے وطن پیارے وطن' سے کچھ زیادہ پیچھے نہیں رہا۔ لگ بھگ 68 فیصد عوامی ووٹوں کے ساتھ یہ گیت ہر دور کے بہترین ملی نغموں میں دوسرے نمبر پر کھڑا وطن سے محبت کا درس دے رہا ہے۔
###میری پہچان پاکستان
دنیا بھر میں نصرت فتح علی خان کی عظمت کو کون فراموش کرسکتا ہے، اس عظیم موسیقار، قوال، گلوکار نے اپنی زندگی میں ایک ہی ملی نغمہ گایا 'میری پہچان پاکستان' جو ہر بار سننے میں نیا لگتا ہے اور دل میں وطن کے لیے کچھ کرنے کا جوش جگاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈان کے سروے میں یہ نغمہ 65 فیصد ووٹوں کے ساتھ ہر دور کا تیسرا بہترین ملی نغمہ قرار پایا ہے۔
###دل دل پاکستان
وائٹل سائنز کی اولین کاوش 'دل دل پاکستان' کے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ وہ آیا، اس نے دیکھا اور فتح کرلیا اور واقعی اس نغمے نے ہر پاکستانی کے دل کو جیت لیا تھا اور یہ سحر اب تک ختم نہیں ہوسکا ہے۔ جنید جمشید کی آواز سے سجے اس نغمے نے ڈان سروے میں ساٹھ فیصد ووٹوں کے ساتھ چوتھے بہترین ملی نغمے کا اعزاز حاصل کیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اب تک ہر دل کی آواز ہے۔
###سوہنی دھرتی
ہر پاکستانی کو ہی اپنی سرزمین خوبصورت اور دنیا میں سب سے منفرد لگتی ہے اور یہی جذبہ شنہاز بیگم کے گانے 'سوہنی دھرتی' میں بھی نظر آتا ہے۔ خوبصورت اور دل کو چھو لینے والی شاعری اور آواز سے سجا یہ گیت ڈان سروے میں 55 فیصد ووٹوں کے ساتھ ہر دور کا پانچواں بہترین ملی نغمہ قرار پایا ہے۔
سروے میں مجموعی طور پر بیس گانوں کو شامل کیا گیا تھا جس میں بہترین پانچ نغموں کا ذکر تو اوپر کردیا گیا۔ اس کے بعد عوامی ووٹوں کی فہرست کے مطابق نیرہ نور کا وطن کی مٹی گواہ رہنا، سب سے اوپر رہا۔
سروے میں جنون سے اور عشق سے، جیوے جیوے پاکستان، چاند میری زمیں پھول میرا چمن، ہم زندہ قوم ہیں، ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح، ہمارا پرچم، یوں دی ہمیں آزادی، ماﺅں کی دعا پوری ہوئی، میں بھی پاکستان ہوں، تیرا پاکستان ہے، اے جواں ہے تو ہی پاکستاں، خیال رکھنا، تو ہی جیوے وطن اور جگ جگ جئے میرا پیارا وطن جیسے نغموں کو بھی شامل کیا گیا تھا۔