• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

صرف عمران خان ہی ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں: پرویز خٹک

شائع August 13, 2014
صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی پرویز خٹک—۔فائل فوٹو
صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی پرویز خٹک—۔فائل فوٹو

نوشہرہ /مانسہرہ: صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا طے شدہ ’آزادی مارچ‘ ملک کو حقیقی تبدیلی کی راہ پر گامزن کردے گا۔

منگل کو نوشہرہ کے علاقوں پہاڑی کری خیل اور پشتون گڑی میں دو الگ الگ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ’’صرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہی ملک کو بحران سے نکال کر ملک میں قیادت کے خلاء کو پُر کر سکتے ہیں۔‘‘

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کو وزیراعظم بنا دیا جائے تو عوام ہر شعبے، خصوصاً معیشت میں ایک نمایاں تبدیلی دیکھیں گے۔

وزیرِاعلٰی خیبر پختونخوا گزشتہ تین ماہ کے دوران نوشہرہ میں آٹھ عوامی اجتماعات سے خطاب کر چکے ہیں، جن کا مقصد عوام کو ’آزادی مارچ‘ کے لیے متحرک کرنا تھا۔

اس مہم میں رکن قومی اسمبلی عمران خٹک اور سابق رکن صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک اور اسحاق خٹک بھی ان کے ساتھ شانہ بشانہ شامل رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چودہ اگست کو پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گی اور ملک اصل تبدیلی دیکھے گا۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان کارکنان سے مارچ میں بھرپور حصہ لینے کی درخواست کی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ ملک میں حقیقی تبدیلی اس وقت ہی آسکتی ہے، جب پارٹی کے نوجوان اُسی طرح اپنا کردارا ادا کریں جس طرح انہوں نے گزشتہ عام انتخابات کے دوران ادا کیا تھا۔

وزیرِاعلٰی نے وفاقی حکومت سے آئین کی اٹھارویں ترمیم کی رو سے خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حقوق فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ شریف برادران اپنے بوگس مینڈیٹ کی بنا پر ملکی تعمیر و ترقی میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ اب عوام سمجھ چکے ہیں اور شریف برادران کو دوبارہ اقتدار میں نہیں آنے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو یہ نہیں سمجھنا چاہیٔے کہ آزادی مارچ ناکام ہو جائے گا کیوں کہ پی ٹی آئی کے کارکن اسے کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

پرویز خٹک نے الزام لگایا کہ کچھ بیورو کریٹس اور کرپٹ عناصر صوبائی حکومت کے خلاف کام کر ہے ہیں، کیوںکہ ہم نے صوبے میں بدعنوانی کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے الزام لگایا کہ وزیراعظم نواز شریف جان بوجھ کر صوبے کو نظر انداز کر رہے ہیں کیوںکہ یہاں کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا تھا۔

پرویز خٹک نے اس موقع پر صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024