پشین: تیزاب کے حملے میں چھ خواتین زخمی
کوئٹہ: پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں بدھ کو تیزاب پھینکنے کے واقعہ میں چھ خواتین زخمی ہوگئی ہیں۔
ضلع پشین کے ڈپٹی کمشنر بشیر بذائی نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ چار افراد نے ایک گھر میں ان خواتین پر تیزاب پھینکا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ ذاتی تنازعے کے باعث پیش آیا جس میں ان خواتین کے چہرے محفوظ رہے، تاہم ان کے پیروں پر زخم آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا گھر میں صرف خواتین ہی موجود تھیں، جبکہ چاروں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
بعد میں زخمی ہونے والی تمام خواتین کو قریبی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا، جبکہ طبی امداد کے بعد انہیں ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔
واقعہ کے بعد لیویز حکام نے ضلع پیش کے مختل علاقوں میں چھاپے مارے، تاہم اس کارروائی میں کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایک ہفتے قبل بھی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور مستونگ میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے تیزاب سے کیے حملوں می چھ خواتین زخمی ہوگئیں تھیں۔