ایف آئی اے کو لگی طاہر القادری کی کرپشن کی بھنک
لاہور: وفاقی انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک منہاج القرآن کے عطیات کے فنڈ سے ایک بلٹ پروف کار خریدی ہے۔
ایک اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک منہاج القرآن کے اکاؤنٹ میں برطانیہ سے آنے والی چندے کی رقم سے ایک بلٹ پروف کار کی خریداری کی تھی۔
انہوں نے کہا ’’یہ کار ایک کروڑ چھتیس لاکھ کی رقم سے خریدی گئی تھی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایجنسی متعلقہ محکمے کو معلومات فراہم کردے گی۔
تحریک منہاج القرآن کے ترجمان عبدالحفیظ چوہدری نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بے بنیاد الزام ہے، اس لیے کہ ڈاکٹر صاحب نے چندے کے فنڈز سے اپنے لیے یا اپنے خاندان کے کسی فرد کے لیے ایک پیسہ بھی استعمال نہیں کیا۔ یہاں تک کہ انہوں نے اپنی کتابوں کی رائلٹی کی رقم کے لیے بھی دعویٰ نہیں کیا۔ تحریک منہاج القرآن اور اس کے رہنماؤں کے اکاؤنٹس کھلے ہیں اور کوئی بھی ان کی جانچ پڑتال کرسکتا ہے۔‘‘