انڈیا کبڈی لیگ میں چھ پاکستانی کھلاڑی
اسلام آباد: پاکستان کے چھ کھلاڑی انڈیا کی پہلی 'پروکبڈی' لیگ میں مختلف فرنچائز ٹیموں کی نمائندگی کے لیے اگلے ہفتے روانہ ہوں گے۔
پچیس جولائی سے پہلی ستمبر تک ہندوستان کے مختلف شہروں میں آٹھ ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف مد مقابل ہوں گی۔
پاکستان اور ہندوستان کے علاوہ اس کبڈی لیگ میں انڈین پریمئر لیگ(آئی پی ایل) کی طرز پر منتخب ہونے والے کئی عالمی کھلاڑی بھی حصہ لیں گے ۔
بول وڈ سٹار ابھشیک بچن، ملک کے ٹاپ صنعت کار اور کھیلوں کے مبصر چرو شرما ان آٹھ ٹیموں کے مالک ہیں۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد سرور نے ڈان کو بتایا کہ چار پاکستانی کھلاڑی آٹھ سے دس لاکھ ہندوستانی روپے مالیت کے پرکشش پیکج حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے بتایا کہ سٹینڈ بائی کے طور پر جانے والے دو کھلاڑی وہاں کسی بھی ٹیم کے ساتھ موقع پر معاہدہ کریں گے ۔
سرور نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی انڈیامیں بہترین کھیل پیش کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ کبڈی لیگ انڈیا کی وزارت کھیل سے مکمل طور پر تسلیم شدہ ہے۔
ویزوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے توسط سے ویزوں کے لیے درخواستیں دی ہیں۔
'میرے خیال میں ویزوں کا کوئی مسئلہ نہیں آئے گا اور کھلاڑی اگلے ہفتے پڑوسی ملک روانہ ہو جائیں گے۔
لیگ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں ناصر علی، واجد علی، وسیم سجاد، کاشف رزاق، حسن رضا اور عاطف وحید شامل ہیں۔