ریویو: 'لے کر ہم دیوانہ دل' - ایک اور کالج لو اسٹوری
کالج کے دو انتہائی گہرے دوست، گھر والوں کی ڈانٹ ڈپٹ اور پابندیوں سے گھبرا کر بھاگ جانے کا منصوبہ بناتے ہیں- راستے میں انہیں یہ گمان ہوتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے محبّت کرتے ہیں اور لیں جی بن گئی ایک اور رومانٹک کامیڈی اور نام ہے اس کا 'لے کر ہم دیوانہ دل'- فلم کا یہ نام کیوں رکھا گیا آئیے شروع سے دیکھتے ہیں۔
![]() |
سکرین شاٹ |
فلم کے مرکزی کردار
ایک ہے کرشمہ (دکشا سیٹھ) دوسرا ڈینو (ارمان جین) کالج اسٹوڈنٹ اچھے دوست، گھر سے باہر یاروں کی ٹولی موج مستی، ڈانس ڈرنکنگ، بے فکر لائف سٹائل- گھر میں پابندیاں، روک ٹوک، دونوں ڈبل لائف گزارنے پر مجبور- لڑکی ساؤتھ انڈین فیملی سے ہے اس پر گھر والے شادی کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں دوسری طرف لڑکے کے گھر والے چاہتے ہیں وہ اپنی تعلیم اور کریئر کے لئے سنجیدہ ہو جائے، غریب کی مشکل یہ ہے کہ ایک عدد لائق فائق بڑے بھائی موجود ہیں یعنی دوگنا دباؤ۔
![]() |
سکرین شاٹ |
دونوں کو ایسی زندگی نہیں چاہیے دونوں اپنی شرطوں پر زندگی گزارنا چاہتے ہیں چناچہ گھر سے بھاگ جاتے ہیں اور سونے پر سہاگہ یہ کہ شادی بھی کر لیتے ہیں!! گھر سے نکل کر انہیں آٹے دال کا بھاؤ پتا چلتا ہے، زندگی موج مستی کا نام نہیں اور شادی کوئی کھیل نہیں- اپنی غلطی کا خمیازہ وہ کیسے بھگتتے ہیں؟ ان کا فیصلہ صحیح تھا یا غلط؟ اس کی کھوج آپ پر چھوڑتے ہیں۔
'لے کر ہم دیوانہ دل' ایک جانی پہچانی لو اسٹوری ہے- فلم میں نیا پن کچھ نہیں، سنہ 1998 کی 'ڈولی سجا کر رکھنا' شاید آپ کو یاد ہو اس میں 'جب وی میٹ' اور 'جانے تو یا جانے نہ' اور ایسی ہی چند اور فلمیں ملا کر مکس چاٹ بنا لیں- کہانی کو تھوڑا سنجیدگی کا عنصر دینے کے لئے اس میں شادی کا موضوع بھی ڈالا گیا ہے- لیکن جو پیغام فلم میکر نوجوان نسل کو پہنچانا چاہ رہے تھے اس میں کامیاب ہو پائے یا نہیں؟ میرے خیال سے فلم محض ایک تفریح بن کر رہ گئی۔
![]() |
سکرین شاٹ |
'لے کر ہم دیوانہ دل' میں کوئی بڑی کاسٹ نہیں ہے- جہاں تک اداکاری کا تعلق ہے ارمان جین اور دکشا سیٹھ کے علاوہ کسی اور کردار کا کوئی نمایاں کام نظر نہیں آتا- یہ دونوں اداکاروں کی پہلی فلم ہے- حالانکہ ان سے بہتر کام بھی لیا جا سکتا تھا پھر بھی میرے خیال سے بطور غیر سنجیدہ نوجوان نسل دونوں نے کافی اچھی پرفارمنس دی ہے- ارمان جین ایک ایسے لاپرواہ نوجوان نظر آئے جسے بات بات پر لطیفے سوجھتے ہیں اور جو خود کو پہنچنے والی ہر چوٹ ہنسی میں اڑا دیتا ہے لیکن اپنی قابلیت کا لوہا منوانے کے لئے یہ کافی نہیں- میرے خیال سے اگر ارمان نے سنجیدگی سے کریئر پر توجہ دی تو ممکن ہے وہ ایک کامیاب اداکار بن جائیں- یہی مشورہ دکشا سیٹھ کے لئے بھی ہے۔
![]() |
سکرین شاٹ |
فلم کے میوزک ڈائریکٹر اے. آر. رحمٰن ہیں جنہوں سے چھ میوزیکل سکور کمپوز کیے ہیں- تمام ٹریکس فلم کے مختلف موڈ کی عکاسی کرتے ہیں بہرحال یہ گیت ایسے نہیں ہیں جنہیں یاد رکھا جائے۔
ڈائریکٹر نے اپنی پوری توجہ مرکزی کرداروں پر ہی مرکوز رکھی ہے فلم کے باقی تمام کردار عجیب بوکھلاہٹ کا شکار نظر آتے ہیں- فلم کا پہلا طویل ہاف دلچسپ تھا لیکن اسے رومانٹک کامیڈی نہیں کہا جا سکتا اس کے بعد کی کہانی تو مکمل میلو ڈرامہ بنتی چلی گئی حالانکہ ارمان جین نے پوری کوشش کی کہ آخر تک لوگوں کو ہنسائیں لیکن کامیاب نہ ہو سکے- البتہ فلم میں جو مجھے اچھا لگا وہ سینز کا تسلسل ہے- سین بائی سین کہانی انتہائی روانی سے چلی ہے اس کے لئے ڈائریکشن اور ایڈیٹنگ دونوں ہی تعریف کے حقدار ہیں۔
![]() |
سکرین شاٹ |
'لے کر ہم دیوانہ دل' ایک اچھی تفریحی فلم ہے اس سے زیادہ کی امید نہیں لگائی جاسکتی- کہانی روایتی ہے لیکن آپ کو بوریت کا احساس نہیں ہوگا- چار جولائی سنہ 2014 کو ریلیز ہونے والی فلم کا دورانیہ دو گھنٹے بیس منٹ ہے۔
ایروز انٹرٹینمنٹ اور الیومینٹی فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کے ڈائریکٹر/رائٹر عارف علی ہیں جبکہ پروڈیوسر سیف علی خان اور دنیش وجان ہیں- سنیما ٹو گرافی لَکشمَن اُتیکر اور ایڈیٹنگ شان محمّد کی ہے۔
تبصرے (2) بند ہیں