اسلام آباد: مزار پر دھماکے کا ایک زخمی دم توڑ گیا
اسلام آباد: کل رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مزار پر ہوئے دھماکے کا ایک زخمی آج صبح پمز ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
یاد رہے کہ اس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 54 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے سات افراد کی حالت نازک بتائی گئی تھی۔
چیف کمشنر اسلام آباد جواد پال نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے میں 54 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پنڈوریاں کے مقام پر چن پیر بادشاہ کے مزار کے ساتھ واقع ننگے بادشاہ کے مزار پر ہوا۔
جواد پال نے بتایا کہ مزار پر عرس کا دوسرا روز جاری تھا اور یہاں 200 کے قریب افراد موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 34 افراد کو پمز، نو کو بے نظیر ہسپتال اور گیارہ کو پولی کلینگ میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 70 سے 80 افراد زخمی ہوئے
اس سے قبل پمز ہسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ نے 31 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان پمز کا کہنا تھا کہ تمام سینئرسرجن، ڈاکٹرز اور آرتھوپیڈک ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
ادھر پولی کلینک ہسپتال کے سینئر ڈاکٹر خرم کے مطابق ہسپتال میں آٹھ زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو پولیس، رینجرز اور کمانڈوز نے گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں پر سیکورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بم لنگر تقسیم کرنے کے دوران پھٹا جسے مزار کے احاطے میں موجود درخت کے ساتھ نصب کیا گیاتھا۔
ان کا کہنا ہے کہ دھماکا نصب شدہ بم کے ذریعے کیا گیا۔
دھماکے کے بعد پمز اسپتال اور پولی کلینک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں