• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

نواب مری: عجب آزاد مرد تھا

شائع June 11, 2014
وہ  ہمیشہ اپنی بات پورے یقین کیساتھ کہتے رہے، جیسے تاریخ کے بڑے کردار وقت آنے پر اپنے فلسفے کی جیت پر یقین رکھتے تھے۔
وہ ہمیشہ اپنی بات پورے یقین کیساتھ کہتے رہے، جیسے تاریخ کے بڑے کردار وقت آنے پر اپنے فلسفے کی جیت پر یقین رکھتے تھے۔

نواب خیر بخش مری بلوچ سیاست کا وہ تہہ دار کردار تھے کہ آخری ساعت تک ان کو کوئی سمجھ نہ پایا۔ وہ اکثر، کسی سے گفتگو میں، کوئی جملہ ادا کرتے، جو ایک سطر ہی ہوتا لیکن اس کے پس منظر میں ایک پیچیدہ سی کہانی گھومتی رہتی تھی۔

وہ ابن الوقت سیاست دانوں پر ہمیشہ زیر لب مسکراتے رہے۔ جیسے ہم اسکرین پر کسی کو اچھلتے کودتے دیکھتے ہیں اور اندازہ لگا لیتے ہیں کہ یہ بےچارہ منڈلی میں اپنے حصے کا ناٹک دکھارہا ہے۔

کراچی کی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی سوفٹ و ہارڈ فائل میں خیابانِ سحر کے نام سے ایک سڑک کی انٹری ہوئی ہے جس کے ایک کوچے میں اس نواب نے بہت سا وقت گزارا۔

وہ بات کرتے ہوئے طویل بیزار کُن جملے نہیں بولتے تھے، جو سیاستدانوں کا خاصہ ہوتا ہے۔ ان کے جملوں کی ساخت اس قدر چھوٹی ہوتی تھی کہ سننے والا درمیان میں، دو تین جملے بول کر، بات چیت میں اپنا حصہ بھی ڈال سکتا تھا۔

وہ بات چیت میں دور دراز کی کہانیاں سناتے اور اپنے ارد گرد کے حالات کا ناک نقشہ سمجھاتے تھے۔ پاکستانی سیاست پر نظر رکھنے والے زیرک صحافی ہمیشہ سوچتے رہے کہ یہ نواب کس خمیر کے بنے تھے کہ سمجھوتوں سے ہمیشہ دور رہے۔

نواب خیر بخش مری جدید بلوچ نیشنلزم کا فکری منبع تھے۔


"۔۔۔ دراز قد، خوش طبع، فہم و فراست کا مالک اور گمراہ کن حد تک حلیم الطبع مری ایک خوش بیان مقرر اور قوم پرست تحریک کا نقیب ہے۔ تاہم اسے روزمرہ کی سیاسی سرگرمیوں اور مشکلات میں اکثر اوقات متذبذب اور بعض اوقات سادہ لوح تک پایا گیا ہے وہ بین الاقوامی دانشورانہ ذوق کا مالک ہے۔ تاہم اس کا طرز زندگی ہر لحاظ سے بلوچ ہے۔"

(امریکی صحافی سلیگ ہیریسن، "ان افغانستانز شیڈو: بلوچ نیشنلزم ص 55)


نواب اکبر بگٹی کے برعکس، نواب خیر بخش نے اسلام آباد پر --چند مستثنیات کے علاوہ-- کبھی اعتماد نہیں کیا جبکہ پاکستانی ہیئت حاکمہ، مقتدرہ نے ہمیشہ ان کو، ان کے قدآور سیاسی دوستوں، نواب اکبر بگٹی و سردار عطاءاللہ مینگل، کے درمیان، سب سے خطرناک خیال کیا۔


گزرے سال کےعام انتخابات سے چند ماہ قبل پاکستانی فوج کے سابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہد عزیز نے جنرل پرویز مشرف کے خلاف ایک کتاب لکھ ڈالی۔ کتاب کیا تھی، میڈیا کے زور پر زبان زد عام و خاص ہوکر غائب ہوگئی۔ اپنی کتاب "یہ خاموشی کہاں تک؟" میں وہ لکھتے ہیں؛

"جون 2002 میں بلوچستان سے متعلق آئی ایس آئی سے ایک رپورٹ ملی کہ خیر بخش مری کو ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را پیسے دے رہی ہے۔ بگٹی صاحب نے پہلے ہی خاصے مسائل پیدا کررکھے تھے اور گیس کی کھوج شروع نہیں کرنے دیتے تھے۔ اس رپورٹ میں اس سلسلے کی بھی تفصیلات تھیں۔ پھر دو دن بعد بتایا گیا کہ خیر بخش مری نے اپنے قبیلے کے 200 لوگ بگٹی صاحب کی حفاظت کیلئے فراہم کئے ہیں۔ بگٹی صاحب کیساتھ یہ مسائل چلتے رہے۔ ہمیں خبریں ملتی رہتیں کہ بلوچستان سے کچھ اور اہم لوگ بھی افغانستان جاتے اور وہاں سے انہیں امریکہ کی طرف سے پیسے دیئے جاتے۔" -- ص 258


وہ خاموش طبع تھے۔ میڈیا پر زیادہ اعتبار نہیں کرتے تھے۔ ان کو دوسروں کی گفتگو کے سیاق و سباق سے بریدہ مطالب نکالنے کا الزام دیتے رہے۔ وہ حُسن و دلکشی کا ایک تراشیدہ نمونہ تھے۔ ستواں ناک کے نیچے دہان بالکل بچوں جیسا، جہاں سے نپے تلے سیاسی الفاظ نکلتے تھے۔

گفتگو میں کہیں کہیں اپنے سننے والے کو بھی شریک کرتے۔ فکرمندی سے سوچتے ہوئے، وہ آپ پر کوئی گہرے معنی واضح کرنے کیلئے، کوئی لفظ پوچھتے۔

وہ ہمیشہ اپنے الفاظ پورے یقین کیساتھ ادا کرتے رہے، جیسے تاریخ کے بڑے کردار وقت آنے پر اپنے فلسفے کی جیت پر یقین رکھتے تھے۔ انہیں سنتے ہوئے، سننے والے کو گمان گزرتا تھا، آپ ایک ایسے شخص کے سامنے بیٹھے ہیں جو جنگ کے میدان سے کچھ دیر کیلئے آپ کو کچھ کہنے آیا ہو۔ ان کی گفتگو میں لفظ "دشمن" کی گونج بار بار سنائی دیتی تھی۔


محدود قوت کیساتھ، بڑی طاقت سے کیسے لڑا جاتا ہے؟

اکثر خیال کیا جاتا ہے نواب خیر بخش مری نے مرغوں کی لڑائی سے یہ ہنر سیکھا اور اسے سیاست کے میدان میں آزمایا۔ یہ نیم سچ ہوسکتا ہے، سراسر درست نہیں۔ وہ مجھے چیونٹی کی جنگ و مرگ کے فلسفے پر یقین رکھنے والے صابر سیاستدان لگے۔ زندہ و مردہ جسم کیخلاف گروہ کی صورت میں یورش کرنا۔ کسی ایک مرکزیت کے تحت سالہا سال معمولی کامیابیاں حاصل کرنا تاآنکہ وہ زندہ یا مردہ جسم نیست و نابود ہوجائے۔ چیونٹیوں کو ہم روز یہ عمل کرتا دیکھتے ہیں۔

70ء کی دہائی میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ قبائل کو سیاسی تنظیم کے مضبوط نظم و ضبط کے ڈھانچے کے مقابلے میں زیادہ موثر و حاوی تصور کرتے رہے۔ ممکن ہے اس کی کچھ ٹھوس وجوہات ہوں۔ وہ اپنے قبیلے --مری-- کی بلوچ نیشنلزم کے مسلح ڈھانچے کے ہراول دستے کے طور پر تربیت کرتے رہے۔


"کہنے کو مری سب سے بڑا بلوچ قبیلہ ہیں لیکن سب سے زیادہ پراسرار بھی اسی قبیلے کو بناکر پیش کیا گیا ہے۔ جتنا بڑا قبیلہ ہے اتنی ہی کم تحقیق ہوئی ہے۔ اس تحقیقی کمیابی کے نتیجے میں طرح طرح کے قصے کہانیاں مشہور ہیں۔ کوئی انہیں لٹیرا سمجھتا ہے، کوئی نپٹ جاہل، کوئی انہیں پہاڑوں کے اندر الگ تھلگ رہنے والی مخلوق گردانتا ہے تو کوئی پتھر کے دور کی تہذیب کا نمائندہ کہتا ہے۔"

"بات یہ ہے کہ جب کوئی قبیلہ کسی بھی طرح کی سماجی و سیاسی سودے بازی کیلئے آمادہ نہ ہو، اجنبیوں سے گھلنے ملنے میں زیادہ دلچسپی نہ رکھتا ہو، طبعاً اتنا آزاد منش ہو کہ دوسروں کے تصور ترقی کو بھی ہضم نہ کرسکے، کسی اجتماعی سیاسی بہاؤ کا حصہ بننے پر تیار نہ ہو، جب وہ ہر اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں اور ہر اسٹیبلشمنٹ اس کے بارے میں مشکوک ہو تو پھر وہی ہوتا ہے جو تاریخ مسلسل مری قبیلے کیساتھ کرتی آرہی ہے۔ -- سیلاب ڈائری، وسعت اللہ خان، ص 211

"تاریخ نے مریوں کو غالباً اس لیے راندہ درگاہ کرنے کی کوشش کی کہ مورخ زیادہ تر سرکاری درباری لوگ گزرے ہیں۔ مریوں پر جب بھی کسی نے خود کو جبراً تھوپنے کی کوشش کی، انہوں نے مزاحمت کی اور مزاحمت کرنے والوں کو کوئی بھی حکمراں یا درباری مورخ پسند نہیں کرتا۔" -- سیلاب ڈائری، وسعت اللہ خان، ص 213

رزاق سربازی
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (5) بند ہیں

Muhammad Mehdi Jun 12, 2014 04:01am
Nice article... keep up the good work.
اوزیر بلوچ Jun 12, 2014 01:39pm
نواب خیر بخش مری ایک ایسے ھستی ھیں جنھیں صدیوں بعد بھی بلوچ قوم نہیں بھلا سکتی ، کیونکہ وہ دوسروں کی طرح صرف بیہودہ دعوے نہیں کرتا تھا بلکہ عملی طور پر ھر چیز کرکے دکھاتا تھا، وہ بات کم اور عمل زیادہ کرتے تھے اور اسی خوبی نے اسے نایاب بنایا۔
Abdul Ghafoor Jun 12, 2014 02:43pm
Nice work phar kar bhut malomaat houii apka bhut bhut shukariyaa aisee articles aur share karee
Read All Comments

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025