• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

بحرین کی سیکورٹی میں مدد کرتے رہیں گے، پاکستان

شائع May 7, 2014
۔ —آئی این پی فوٹو
۔ —آئی این پی فوٹو

اسلام آباد : وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی دلچسپی کے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر خیالات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

'پاکستان توانائی، تیل کی صنعت، بندرگاہوں کی ترقی، کان کنی و معدنیات، انفراسٹرکچر، تعلیم، بینکاری، انجینئرنگ اور مینو فیکچرنگ سمیت مختلف شعبہ جات کے منصوبوں میں بحرین کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا'۔

انہوں نے یہ بات سلطنت بحرین کی نمائندگان کی کونسل کے چیئرمین خلیفہ بن احمد بن خلیفہ الدہرانی سے بدھ کو یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بحرین کے شاہ شیخ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کا حالیہ دورہ پاکستان اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی قریبی اور خوشگوار تعلقات استوار ہیں جس کی جڑیں تاریخ اور ثقافت میں گہری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

' ہم بحرین کی طرف سے پاکستان میں قدرتی آفات سمیت مشکل وقت میں فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہتے ہیں'۔

ملاقات میں دونوں خارجہ وزارتوں کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے ادارہ جاتی فریم ورک، حکومت کی سطح پر رابطے میں اضافہ، باہمی اقتصادی و تجارتی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاری دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں جن کی وجہ سے کئی غیر ملکی کمپنیوں اور حکومتوں نے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ہے ۔

خلیفہ بن احمد نے ان کا اور وفد کا پرتپاک خیر مقدم کرنے پروزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک بحرین تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں پارلیمان کے درمیان تعاون بڑھ رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔

انہوں نے بالخصوص بحرین میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی تارکین وطن کے ملکی ترقی میں مثبت کردار کا ذکر کرتے ہوئے بحرین کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ و فروغ میں پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہا۔

نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام بحرین کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام میں معاونت کرنے پر خوش ہیں اور وہ یہ خدمات جاری رکھیں گے۔

خلیفہ بن احمد اپنے پاکستانی ہم منصب سردار ایاز صادق کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

بحرین کی جانب سے پارلیمانی وفد میں خزانہ اور اقتصادی کمیٹی کے چیئرمین عبدالحلیم عبداللہ مراد، فرینڈ شپ کمیٹی کے رکن احمد اے واحد جاسم، فرینڈ شپ کمیٹی کے رکن علی احمد زید اور نمائندگان کی کونسل کے رکن محمد سلیم جاسم شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، رکن قومی اسمبلی اور پاکستان بحرین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے کنوینئر پیر شفقت حسین جیلانی اور سیکرٹری خارجہ امور اعزاز احمد چوہدری اور دیگر سینئر حکام ملاقات میں موجود تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024