کراچی: اقوامِ متحدہ کے مقامی مغوی اہلکار بازیاب
کراچی: چار روز پہلے کراچی سے اغوا کئے گئے اقوام متحدہ کے ادارے چلڈرن فنڈ (یونیسف) کے دو پاکستانی ملازمین کو پیر کے روز باریاب کرا لیا گیا ہے۔
سینیئر پولیس افسر سلطان خواجہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ آج صبح موبائل فون سگنل کی بنیاد پر شہر کے مشرق میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا اور وہاں سے یونیسیف کے عملے کے ارکان کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
لیکن انہوں نے بتایا کہ اس بات کے اشارے نہیں ملے ہیں کہ انہیں اغوا کیا گیا تھا.
واضح رہے حیدر آباد شہر کے رہائشی اقوام متحدہ کے دو کارکن جمعرات کو لاپتہ ہوگئے تھا اور امکان تھا کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے۔ کارکن کراچی تفریح کے لئے آئے تھے۔
اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنے ایک بیان میں جمعرات کو اغوا ہونے والے یونیسیف کے دو مقامی کارکنوں کی محفوظ بازیابی کی تصدیق کی ہے۔
پولیس نے یونیسیف اور عملے کے ارکان کے اہل خانہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے تحقیقات کیں۔
پولیس کے مطابق یونیسیف کے ملازمین کراچی کے مضافات میں تفریح کے بعد واپس آتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔
اٹھارہ ملین آبادی پر مشتمل پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی جو معاشی مرکز بھی ہے فرقہ وارانہ، نسلی، اور سیاسی تشدد سے دوچار ہے جہاں جرائم پیشہ عناصر باقاعدگی سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔