• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

گلوکار احمد رشدی کی برسی

شائع April 11, 2014
پاپ سنگر احمد رشدی۔- بشکریہ وکی میڈیا کامنز
پاپ سنگر احمد رشدی۔- بشکریہ وکی میڈیا کامنز

پاکستان کے پہلے پاپ سنگر کا اعزاز حاصل کرنے والے معروف فلمی گلوکار احمد رشدی کو دنیا سے گذرے اکتیس برس ہوگئے۔

احمد رشدی 24 اپریل 1934 کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئے اور ان کے گھر والے ان کے گانا گانے کے خلاف تھے تاہم انہیں بچپن سے ہی گانے کا شوق تھا۔

وہ 1954 میں حیدر آباد دکن ہجرت کر کے پاکستان آئے اور انہوں نے اپنے فنی کریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان کراچی سے شروع کیا۔

احمد رشدی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 1955 میں دیگر گلوکاروں کے ساتھ مل کر پاکستان کا قومی ترانہ پہلی مرتبہ گایا تھا۔

انہوں نے فلم 'انوکھی' کے مقبول عام گانے بندر روڈ سے کیماڑی میری چلی ہے گھوڑا گاڑی سے شہرت حاصل کی۔

تاہم 1961 میں لاہور آنے کے بعد فلم 'سپیرن' کے گیت چاند سا مکھڑا گورا بدن، اور اگلے سال فلم 'مہتاب' کے گیت گول گپے والا آیا گول گپے لایا نے احمد رشدی کو صف اوّل کا گلوکار بنا دیا۔

اس کے بعد انھوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور پلے بیک سنگنگ میں ان کے انداز کی انفرادیت ہمیشہ قائم رہی۔

یوں تو احمد رشدی نے لولی وڈ کے تمام ہیروز کے لئے گیت گائے لیکن چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر ان کی آواز کو موزوں ترین قرار دیا گیا۔

دونوں فنکاروں کے تال میل سے فلم ارمان کا گیت 'اکیلے نہ جانا' کو کون بھول سکتا ہے۔

اسی طرح کچھ لوگ روٹھ کربھی، اے ابر کرم آج اتنا برس، ایسے بھی ہیں مہرباں، جیسے سینکڑوں نغمے وحید مراد کی بے مثال اداکاری اور احمد رشدی کی گائیگی کی بدولت امر ہوگئے۔

سن 1963 سے 1977 کا دور احمد رشدی کے عروج کا عہد تھا، اسی عرصے میں انھوں نے فلم 'خاموش رہو' کے لئے حبیب جالب کی غزل میں نہیں مانتا گا کر جالب کو بھی پاکستان بھر میں مشہور کر دیا۔

اس کے علاوہ اس عرصے میں انھوں نے، کیا ہے جو پیار تو پڑے گا نبھانا، دل کو جلانا ہم نے چھوڑ دیا، کبھی تو تم کو یاد آئیں گے وہ نظارے اور تجھے اپنے دل سے کیسے میں بھلا دوں جیسے یادگار گیت گائے۔

احمدر شدی کو پاکستان کا پہلا پاپ سنگر ہونے اور سب سے زیادہ فلمی نغمے گانے کا اعزاز حاصل ہے۔

گیارہ اپریل 1983 کو آج ہی کے دن احمد رشدی کی رسیلی آواز ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاموش ہوگئی۔

ان کی وفات کے بعد حکومت کی جانب سے انہیں ستارۂ امتیاز کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

آج وہ ہم میں نہیں تاہم ان کے گائے ہوئے گیت ہر دور کے سننے والوں کو محظوظ کرتے رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024