• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

غنڈے - فلم ریویو

شائع March 7, 2014
سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

دوستی کا موضوع کافی پرانا ہے تقریباً تمام فلم انڈسٹریز میں اس موضوع پر سالانہ ایک آدھ فلم ضرور بن جاتی ہے- چودہ فروری کو یش راج فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی کرائم، ایکشن، تھرلر فلم 'غنڈے' کا مرکزی موضوع بھی یہی ہے۔

یہ فلم، سنہ 1971 میں سقوطِ بنگلہ دیش کے پس منظر میں فلمائی گئی ہے جس میں دو یتیم ہندو بنگالی بچے بنگلہ دیش بننے کے بعد جرائم کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوجاتے ہیں چونکہ وہاں ان کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہوتا چناچہ وہ کلکتہ ہجرت کر جاتے ہیں مگر وہاں بھی انہیں کوئی قبول نہیں کرتا اور وہ جرائم کی دنیا میں آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اور ایک دن کلکتہ کے ایک بڑے گینگسٹر بن جاتے ہیں۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

فلم میں دو دوستوں، بکرم اور بالا کا کردار رنبیر سنگھ (بینڈ، باجا، بارات کے ہیرو ) اور ارجن کپور (عشق زادے کے اسٹار) نے ادا کیا ہے، ان کے علاوہ مرکزی کرداروں میں پریانکا چوپڑا اور عرفان خان ہیں- فلم کی کہانی روایتی ہے (جیسی عموماً بولی وڈ فلمیں آج کل ہوتی ہیں) اس میں گانے ہیں، گلیمر ہے، جرائم ہے اور ظاہر ہے جرم ایک کرپٹ سسٹم کے بغیر تو ممکن ہی نہیں، تو اکثر بولی وڈ موویز کی طرح اس فلم میں بھی سسٹم پر تنقید کی گئی ہے- فلم کا ایکشن غیر حقیقی ہے، بعض مناظر غیرضروری طور پر سلو موشن میں دکھائے گئے ہیں جبکہ غیر ضروری ایکسپلوشن بھی دکھایا گیا ہے۔

جہاں تک گانوں اور موسیقی کا تعلق ہے درمیانے درجے کے ہیں- البتہ گانوں کی کوریوگرافی اچھی ہے- فلم کا تھیم سونگ 'جشن عشقاں' خوبصورت انداز میں فلمایا گیا ہے۔

فلم کی مختلف بات یہ ہے کہ اس میں سقوطِ بنگلہ دیش کا پس منظر دکھایا گیا ہے اور اس فلم پر سب سے زیادہ تنقید بھی اسی موضوع پر ہوئی ہے، بنگلہ دیشی فلم بینوں کو یہ اعتراض ہے کہ فلم میں تاریخ کو مسخ کیا گیا ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ بنگلہ دیش کو آزادی انڈیا کی بدولت حاصل ہوئی جو کہ سراسر غلط ہے- بہرحال جو بھی ہے بنگلہ دیش کی پیدائش برصغیر کا ایک اہم واقعہ ہے اور ڈائریکٹر کو اس پر تھوڑی تحقیق کرنی چاہیے تھی۔

دوسری بات جس پر اعتراض کیا گیا ہے وہ فلم کے ڈائیلاگ ہیں فلم میں مرکزی کرداروں بکرم اور بالا اور دیگر بنگلہ دیشیوں کو ہندی لب و لہجے میں بات چیت کرتے دکھایا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کی اپنی بولی موجود ہے اور انہیں اس پر فخر ہے، فلم میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہندی زبان رائج تھی- تمام اعتراضات کے باوجود فلم نے اپنی اوپننگ کے پہلے ہفتے میں ملکی اور غیرملکی اعتبار سے تقریباً سو کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

فلم میں بکرم اور بالا کو گبرو جوان اور سٹائلیش دکھایا گیا ہے جن کو کبھی ان کے سائز کی شرٹ نصیب نہیں ہوتی، کھلے گریبان کی شرٹ اور تیل سے چمکتے جسم کے ساتھ چیختے چنگھاڑتے ہیروز خاصے کومیکل (comical) لگتے ہیں- اس کے علاوہ دونوں کی اداکاری میں کوئی خاص بات نہیں حالانکہ رنبیر سنگھ اب تک کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں اور اچھے اداکار ہیں لیکن 'غنڈے' میں ان کا چہرہ اکثر موقعوں پر سپاٹ محسوس ہوا۔

ارجن کپور نے ایک گرم مزاج نوجوان کا کردار کیا، پوری فلم میں وہ اپنی غزالی آنکھوں سے مدمقابل کو کاٹ کھانے کی کوشش کرتے رہے- وہ مکالمے فیس سے کم اور ایکشن سے زیادہ بولنے کی کوشش میں مسخرے سے لگتے ہیں۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

پریانکا چوپڑا دونوں نوجوانوں کی مشترکہ محبّت اور کہانی کا اصل ٹوئسٹ ہیں- انہوں نے ایک کلب ڈانسر/خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے اور بہت خوب کیا ہے- فلم میں وہ بالکل پرانے وقتوں کی ہیروئن کی طرح دکھتی ہیں اور ہر اس سین میں ان کا پلڑا بھاری محسوس ہوتا ہے جس میں وہ بکرم یا بالا کے مقابل نظر آتی ہیں- شاید ان کے کردار کا تقاضا بھی یہی ہے کیونکہ انہوں نے دونوں کو اپنے حسن کے جال میں پھنسانا ہوتا ہے- فلم میں پریانکا کے مداحوں کو مایوسی نہیں ہوگی۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

عرفان خان، ایک فرض شناس، ثابت قدم اور غیر روایتی پولیس افسر کے کردار میں بہترین رہے- پوری فلم کے دوران بکرم اور بالا کی کہانی بھی انہی کی آواز میں سنائی گئی ہے- ان کے سامنے بکرم اور بالا کا کردار بچکانہ نظر آتا ہے- اگر دیکھا جائے تو فلم کا کریڈٹ انسپکٹر ستیہ اور نندیتا کے کردار کو ہی جاتا ہے۔

فلم کے رائٹر/ ڈائریکٹر علی عبّاس ظفر ہیں، موسیقی سہیل سین کی ہے، جبکہ گیت نگار ارشاد کامل ہیں- 'غنڈے' کا ورلڈ پریمئر بارہ فروری کو دبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا جبکہ باقاعدہ ریلیز چودہ فروری کو کی گئی، فلم کو بنگلہ زبان میں بھی ڈب کیا گیا ہے۔

فلم، ایک اچھی تفریح کی تمام جزیات ڈرامہ، رومانس، رقص ، ایکشن اور مزاح کے ساتھ ایک مکمل فارمولا مووی ہے جبکہ کہانی میں کچھ نیا نہیں ہے- لیکن یہ فلم آخر تک آپ کی توجہ کا مرکز رہے گی۔

ڈائریکٹر: علی عباس ظفر

پروڈیوسر: ادتیہ چوپڑا

رائٹر: مسٹر ظفر

سنیماٹوگرافی: عصیم مشرا

ایڈیٹنگ: رامیشور ایس بھگت

فلم کے ستاروں میں شامل ہیں: رنویر سنگھ، ارجن کپور، پریانکا چوپڑا، عرفان خان، سوربھ شکلہ، آنند شرما اور درشن گرجر

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024