تین خواجہ سراؤں کے لیے سرکاری ملازمت
کراچی: حکومت سندھ نے تین خواجہ سراؤں کو سرکاری نوکری کے تقرر نامے جاری کر دیے ہیں۔
صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود، خواتین کی ترقی اور اسپیشل ایجوکیشن روبینہ قائم خانی نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تین خواجہ سراؤں کو نوکری کے تقرر نامے جاری کیے گئے ہیں اور دیگر خواجہ سراؤں کو بھی جلد ملازمت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن خواجہ سراؤں کو نوکری دی گئی ہے ان میں ایک ماسٹر جبکہ دو میٹرک کی ڈگری کے حامل ہیں۔
خوش نصیب خواجہ سراؤں میں رفی خان نے ماسٹرز جبکہ مسکان اور انجم نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی ہے۔
سرکاری ملازمت حاصل کرنے والے خواجہ سرا رفی خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ میں بہت خوش ہوں کہ حکومت نے معاشرے کا عزت دار شہری سمجھتے ہوئے ہمیں نوکری دی۔
انہوں نے امید ظاہر کی سندھ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے کوٹے کے تحت مزید خواجہ سراؤں کو نوکری فراہم کرے گی۔