تمام ارکان پارلیمان ٹیکس دیتے ہیں، اسحاق ڈار
اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے کہ تمام ارکان پارلیمان ٹیکس دیتے ہیں ان کا ٹیکس ان کی تنخواہ سے کٹتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصومیت کی وجہ سے اراکین کو ٹیکس نمبر کا پتہ نہیں ہوتا، ارکان پارلیمان نے 16 دسمبر تک اپنے ریٹرن جمع کرا دیئے ہیں، جن ارکان کے این ٹی این نمبر نہیں ہیں ان کو نمبر دیئے جائیں گے، تمام ارکان پارلیمان کے ٹیکس کی تفصیلات کو عوام کے لئے مشتہر کیا جائے گا۔
پیر کو ایوان بالا میں وضاحت کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ میں اپنے ساتھیوں کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں اور غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا چاہتا ہوں۔
'یہ بات کہی جا رہی ہے کہ ارکان پارلیمان ٹیکس نہیں دیتے، حقیقت یہ ہے کہ ارکان پارلیمان کا ٹیکس ان کی تنخواہوں سے کٹ جاتا ہے اور ان کو ٹیکس نمبر کا پتہ نہیں ہوتا'
ان کے مطابق اس سے ایک غلط پیغام جا رہا ہے کہ پارلیمنٹرین ٹیکس ادا نہیں کر رہے، ہر رکن کا ٹیکس اس کی تنخواہ سے کٹتا ہے، میں دو چار روز سے اس معاملے پر پریشان تھا کہ خواہ مخواہ ارکان کی بدنامی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن ہوئے تو امیدواروں نے اپنی تفصیلات الیکشن کمیشن کو پیش کیں، میری خواہش ہے کہ خواہ مخوا کسی رکن کوبدنام نہ کیا جائے۔
ڈار کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایف بی آر سے جو تفصیلات مانگی تھیں وہ شائع کرنے سے پہلے اجازت کا حصول ضروری تھا، 18 کروڑ عوام کی نمائندگی چھ ایوانوں میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شفافیت ہے اور شفافیت رہے گی، کوئی غلط فہمی اورخلیج نہیں رہنا چاہیے، اس لئے صورتحال واضح کر رہا ہوں۔
ایف بی آر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ارکان پارلیمان کو 31 جنوری تک این ٹی این نمبر جاری کریں اور خود ان سے رابطہ کرے۔
انہوں نے کہاکہ ارکان نے 16 دسمبر تک اپنے ریٹرن جمع کرا دیئے ہیں، جن ارکان کے این ٹی این نمبر نہیں ہیں ان کو نمبر دیئے جائیں گے، تمام ارکان پارلیمان کے ٹیکس کی تفصیلات کو عوام کے لئے مشتہر کیا جائے گا۔