باکس آفس پر چور کا راج
دھوم تھری کی کامیابی کا سفر باکس آفس پر جاری ہے دنیا بھر میں فلم صرف چار دن میں ڈھائی سو کروڑ روپے کما چکی ہے۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی 'دھوم' کے اس سیکوئل نے کاروبار کے لحاظ سے واقعتاً دھوم مچا دی ہے۔
ایک کے بعد دوسرا پھر تیسرا، باکس آفس کے سارے ریکارڈ چرانے کے بعد بھی 'دھوم تھری' کے چور کو چین نہیں۔
فلم پاکستان سے چار دن میں 8 کروڑ اور ہندوستان میں 120 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کرچکی ہے۔
جبکہ دنیا بھر سے فلم کا چور صرف چار دن میں ڈھائی سو کروڑ کما کر اپنے آپ کو باکس آفس کا اِکا ثابت کرچکا ہے۔
پاکستان ہو یا جاپان، انڈیا ہو یا امریکا دنیا بھر میں ہر طرف دھوم تھری کی خوب چرچا ہے۔
دھوم تھری نے ریلیز کے پہلے ہی دن سارے ریکارڈ توڑ دیے، صرف ہندوستان میں فلم نے پہلے دن چھتیس کروڑ کما کر چنائی ایکسپریس اور کرش کے ریکارڈ توڑ دیے، جس نے سینما میں ملنگ دیکھا وہ دنگ رہ گیا۔
پاکستان میں بھی فلم کا ہر شو ہائوس فل ہے، ایڈوانس بکنگ کے سارے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔
لمبی لمبی لائنز کے بعد بھی ٹکٹ مل رہا ہے وہ بھی کئی دنوں بعد کا، پاکستان سے دھوم تھری کے چور نے پہلے ہی دن دو کروڑ سمیٹ کر بلال لاشاری کی فلم 'وار' کے ریکارڈ بھی توڑ ڈالے۔
فلم کے ایکشن کا ہر کوئی دیوانہ ہوچکا ہے جبکہ دھوم تھری کا چور اگر اسی رفتار سے ریکارڈ چراتا رہا تو جہاں اب تک ڈھائی سو کروڑ اپنے نام کیے ہیں۔
وہیں ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ دھوم تھری دنیا بھر میں پانچ سو کروڑ کمانے والی پہلی بولی وڈ فلم ہوگی۔
یاد رہے کہ اس فلم میں عامر خان کے علاوہ، کترینہ کیف، ابھیشیک بچن اور اُدے چوپڑہ ہیں، ابھیشیک اور اُدے اس سے قبل دھوم سیریز کی دونوں فلموں میں پولیس والوں کا کردار نبھاتے چلے آئے ہیں۔
بشکریہ ہندوستان ٹائمز