پاکستان نے تین سینئر افغان طالبان قیدی رہا کر دیے
اسلام آباد: پاکستان نے افغان امن عمل کے تحت مزید تین سینئر طالبان قیدی رہا کر دیے ہیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ اور سیکیورٹی حکام کے مطابق منگل کو رہا کیے جانے والے افراد میں افغان طالبان کے سربراہ ملا عمر کے مشیر ملا عبدالاحد جہانگیر وال، صوبہ ہلمند میں قائم سابق طالبان حکومت کے گورنر ملا عبدالمنان اور سابق فوجی کمانڈر ملا یونس شامل ہیں۔
اس بات کی تصدیق ایک طالبان کے رہنما نے بھی کی ہے
افغان حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی اکتوبر میں انتہائی خاموشی سے نچلے درجے کے تقریبآ ایک درجن طالبان قیدیوں کو رہا کر چکا ہے.
ان تمام حکام نے یہ بات نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کی کیونکہ انہیں صحافیوں یا خبر رساں اداروں سے ان معاملات پر گفتگو کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ان تین افراد کی رہائی افغان وفد کی آمد کے ایک ہفتے بعد عمل میں آئی ہے جو طالبان سے مذاکرات کے لیے طالبان کے سابق دوسرے اہم ترین رہنما ملا عبدالغنی سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔
یاد رہے کہ ملا عبدالغنی برادر کو کئی سال قید کے بعد رواں سال ستمبر میں رہا کر دیا گیا تھا۔