ملک کے اہم شہروں میں موبائل فون سروس معطل
کراچی: کراچی اور سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے نمائندے ظاہر شاہ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی موبائل فون سروس معطل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کل بروز بدھ 13 نومبر کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ نو اور دس محرم الحرام کو اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سیل فون سروس معطل کی جائے گی۔
پی ٹی اے نے موبائل سروس فراہم کرنے والے اداروں کو جو فہرست ارسال کی ہے، اس کے مطابق صوبہ پنجاب کے جن شہروں میں موبائل فون سروس نو اور دس محرم کو بند رہے گی، ان میں لاہور، سرگودھا، راولپنڈی، جھنگ، فیصل آباد، اٹک ملتان، رحیم یار خان، گجرانوالہ، ننکانہ صاحب، بھکر، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور پاک پتن شامل ہیں۔
صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، خیرپور، سکھر، سیہون اور لاڑکانہ کے لوگوں کو ان دو دنوں میں موبائل فون سروس کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کوہاٹ، استرزئی، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، مانسہرہ، ہری پور جبکہ صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس بلاک رہے گی۔
آزاد کشمیر کے شہروں مظفرآباد، نیلم، راولاکوٹ، کوٹلی اور میرپور میں بھی موبائل فون سروس دو دنوں میں معطل رہے گی۔
پی ٹی اے نے کل اعلان کیا تھا کہ نو اور دس محرم الحرام کو چھ سے آٹھ گھنٹوں کے لیے موبائل فون کی سروس کو معطل کیا جائے گا، لیکن بعض ٹی وی چینلز کے مطابق کراچی میں صبح چھ بجے سے رات دس بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ کراچی میں وائرلیس فون کی بعض سروسز بھی معطل کردی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب کی انتظامیہ نے صوبے بھر میں دو دن کے لیے ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔