ضمنی انتخابات کے 90 فیصد سے زائد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری
الیکشن کمیشن کی جانب سے آر ٹی ایس کے ذریعے ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں کے 90 فیصد سے زائد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری ہوگئے۔
Get the latest news and updates from DawnNews
الیکشن کمیشن کی جانب سے آر ٹی ایس کے ذریعے ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں کے 90 فیصد سے زائد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری ہوگئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ڈرائیو میں پہلا فارم 47 اپلوڈ کردیا گیا۔
این اے 53 اسلام آباد ٹو کے فارم 47 کے مطابق اس حلقے میں 87 ہزار 903 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے 783 (0.9 فیصد) ووٹ مسترد ہوئے۔
اس حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 28 فیصد رہا۔
این اے 53 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز اعوان 50 ہزار 943 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد 32 ہزار 313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان ندیم قاسمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ہیک نہیں ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ای سی پی کی ویب سائٹ کچھ دیر کے لیے زیادہ ٹریفک آنے کی وجہ سے کریش ہوگئی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان ندیم قاسمی کا کہنا ہے کہ انتخابات کے مرحلے میں کسی قسم کی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم قاسمی نے بتایا کہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) بہترین طریقے سے اپنا کام کر رہا ہے، اب تک اس کی کارکردگی کے حوالے سے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آر ٹی ایس کے ذریعے ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خواجہ سعد رفیق کا مکمل نتائج آنے سے قبل فتح کے اعلان کا نوٹس لے لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اپنے حلقے این اے 131 کے حتمی نتائج آنے سے قبل ہی اپنی جیت کا اعلان کردیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں ان کا کہنا تھا کہ ’خواجہ سعد رفیق کے ریمارکس کا نوٹس لے لیا گیا ہے‘۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی امیدوار کو حق حاصل نہیں کہ الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت کرے، الیکشن کمیشن اپنے آئینی فرائض بخوبی سر انجام دے رہا ہے‘۔
الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ کسی بھی پارٹی یا امیدوار کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔
رپورٹ: رانا بلال
رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کے ذریعے قومی اسمبلی کی 4079 میں سے 3678 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کے 4،4 حلقوں پر برتری حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کی نشستوں کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کو بھی 2 حلقوں پر برتری حاصل ہے جبکہ متحدہ مجلس عمل ایک نشست پر آگے ہے۔
اطلاعات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے بھی 90 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوگئے ہیں جس میں مسلم لیگ (ن) 5، تحریک انصاف کو 4اور آزاد امیدواروں کو 2 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے 93 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آر ٹی ایس کے ذریعے موصول ہوئے جس کے مطابق 6 حلقوں میں پی ٹی آئی، 2 پر اے این پی اور ایک پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آگے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے 51 فیصد پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ موصول ہوا جس میں ایک بلوچستان نیشنل پارٹی اور ایک آزاد امیدوار کو برتری حاصل ہے۔
آر ٹی ایس کے ذریعے سندھ اسمبلی کے 83 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوے جس کے مطابق دونوں حلقوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے 60 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 4،4 نشستوں پر آگے ہے، مسلم لیگ (ق) کو 2 نشستوں پر برتری حاصل ہے اور متحدہ مجلس عمل ایک نشست پر جیت رہی ہے۔
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اپنے حلقے این اے 131 کے حتمی نتائج آنے سے قبل ہی اپنی جیت کا اعلان کردیا۔
لاہور میں اپنے انتخابی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت پریقین رکھنےوالی سیاسی جماعتوں نےمسلم لیگ ن کاساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار سینہ زوری چلےگی نہ دھاندلی، نتائج تبدیل کرنےکی کوشش کی گئی توسخت احتجاج کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی کو ہمارے نتائج پر ڈاکہ نہ ڈالنے دے، اب تک کے نتائج کےمطابق ہم ہزاروں ووٹوں سے جیت چکے ہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمارے نتائج میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیا گیا لیکن ہم پھر بھی فتح یاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹوں کو نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ کل کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے کل الیکشن کمیشن کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
جس پر الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹوں کو نتائج میں شامل کیا جائے گا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹ فارم 48 کے ذریعے پوسٹل بیلٹ کے ساتھ حتمی نتائج میں شامل کیے جائیں گے۔
رپورٹ: فہد چوہدری
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ حاجی غلام احمد بلور، جن کی جماعت کے امیدواروں کو خیپر پختوخوا اسمبلی کی 3 نشستوں پر برتری حاصل ہے، کا کہنا ہے کہ ’آج کے انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی‘۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں اے این پی کی برتری ثابت کرتے ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات شفاف نہیں تھے، ہم ہارے نہیں تھے بلکہ ہمیں ہرایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے تمام پختون رہنماؤں کو ہرایا گیا تھا، آج کے ووٹوں کا عام انتخابات سے موازنہ کیا جانا چاہیے تاکہ معلوم ہو کہ دھاندلی ہوئی یا نہیں‘۔
اب تک کے موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں چند اہم نقطے جو دیکھے جارہے ہیں، مندرجہ ذیل ہیں۔
این اے 131 لاہور: اس نشست کو گزشتہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے جیتا گیا تھا تاہم اب اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق کو برتری حاصل ہے۔
این اے 35 بنوں: اس نشست کو بھی گزشتہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جیتا تھا تاہم ضمنی انتخابات میں اس نشست پر متحدہ مجلس عمل کے زاہد اکرم درانی آگے ہیں۔
این اے 124 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی تحریک انصاف کے غلام محی الدین کو شکست دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، یہ حیرت انگیز نہیں کیونکہ اس نشست کو گزشتہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ہی رہنما حمزہ شہباز نے 25.24 فیصد کے مارجن سے جیتا تھا جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کو اس حلقے میں بھاری حمایت حاصل ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ضمنی انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے تحت قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے 71 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بالترتیب 4، 4 نشستیں ملیں جبکہ مسلم لیگ (ق) کو 2 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 69 گجرات کے آر ٹی ایس سسٹم کے تحت 78 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مونس الہیٰ 50 ہزار 974 ووٹ لے کر آگے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عمران ظفر 11 ہزار 953 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی کے آر ٹی ایس سسٹم کے تحت 73 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے شیخ راشد 33 ہزار 375 ووٹ لے کر آگے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساجد خان 32 ہزار 885 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے سوال اٹھائے ہیں کہ شہباز شریف کے کیس میں کون سا قانون لاگو ہوا؟ تفصیل کسی اور کیس میں مانگی اور گرفتار کسی اور کیس میں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نواز اکانٹبلیٹی بیورو نہیں بلکہ نیشنل اکانٹیبلٹی بیورو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور اب مسلم لیگ (ن) احتساب کے قانون کو بھگت رہے ہیں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو احتساب کے حوالے سے قانون سازی کے حوالے سے سوچنا ہو گا۔
رپورٹ: عارف ملک
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 لاہور ٹو کے آر ٹی ایس سسٹم کے تحت 73.5 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
ٖغیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی 59 ہزار 146 ووٹ لے کر آگے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے غلام محی الدین 24 ہزار 223 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
کراچی: رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آرٹی ایس) سسٹم کے ذریعے این اے 131 لاہور نائن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق 26 ہزار 515 ووٹ کے ساتھ آگے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہمایوں اختر 25 ہزار 18 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
کراچی: رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آرٹی ایس) سسٹم کے ذریعے این اے 243 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عالمگیر خان 6 ہزار 149 ووٹ کے ساتھ آگے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے عامر ولی الدین چشتی 1961 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے 60 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 4،4 نشستوں پر آگے ہے جبکہ مسلم لیگ (ق) کو 2 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 60 راولپنڈی فور کے 189 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے شیخ راشد شفیق 23 ہزار 773 ووٹ لے کر آگے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سجاد خان 21 ہزار 656 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
خیبر پختون خوا اسمبلی کے 41 فیصد نتائج کے مطابق 9 میں سے 7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف آگے۔
الیکشن کمیشن کو آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق اے این پی کے امیدواروں کو 2 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے بلوچستان اسمبلی کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات کے 12 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی ایک جبکہ آزاد امیدوار کو ایک نشست پر برتری حاصل ہے۔
ضمنی انتخابات کے دوران راولپنڈی کی یوسی 21 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میں تصادم کی اطلاعات ہیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے جس کے بعد پولیس کی اضافی نفری کو علاقے میں تعینات کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق تصادم کے دوران فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی تھی بعد ازاں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ بتایا جاتا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے شخص نے پولیس پر ہاتھ اٹھایا تھا اور اس کی شناخت پی ٹی آئی کے کارکن خالد کیانی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے گرفتار پی ٹی آئی کارکن کو تھانہ صادق آباد منتقل کر دیا جبکہ متاثرہ پولنگ اسٹیشن پر حالات کشیدہ ہونے پر رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آر ٹی ایس سسٹم کے زریعے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے 47 فیصد نتائج موصول ہوگئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 4،4 نشستوں پر آگے ہے جبکہ مسلم لیگ (ق) کو 2 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔