شاہراہِ قراقرم پر ویو پوائنٹ سے راکاپوشی کا پہاڑ اس قدر قریب نظر آتا ہے کہ لگتا ہے ہم وہیں کھڑے کھڑے اپنا ہاتھ آگے بڑھا کر اس کی ازلی برفوں کو چھو لیں گے۔
دنیا کی مشہور اور خوبصورت چوٹی راکاپوشی ریاست نگر کی حدود میں آتی ہے اور ہنزہ والوں کی خوش قسمتی ہے کہ اس چوٹی کا واضح اور خوبصورت منظر دریا پارہنزہ کریم آباد سے نظر آتا ہے۔
شاہراہ قراقرم پر دائیں بائیں پہاڑوں کے درمیان جگہ جگہ درّہ نما راستے کئی وادیوں کو جاتے نظر آتے ہیں مگر وادیٔ استور کو جانے والا راستہ کچھ خفیہ سا ہے۔
میری آنکھیں مسلسل دائیں جانب تھیں، کسی بھی لمحے نانگا پربت کا عظیم سفید وجود طلوع ہونا تھا۔ رات کے 11 بج رہے ہوں گے کہ اچانک وہ عظیم سفید قلعہ نمودار ہوا۔